کتاب: زکوۃ کے مسائل - صفحہ 25
کتاب اللہ پر مختلف پہلوؤں سے کام ہو چکا ہے یا ہو رہا ہے اس قدر حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر کام نہیں ہوا لہٰذا اس حقیقت کو پیش نظر رکھتے ہوئے عقائد،احکام،مسائل،مناقب اور تفسیر وغیرہ سے متعلق صحیح احادیت پر مشتمل کتابچے ان شاء اللہ یکے بعد دیگرے طبع کروانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اب تک اس سلسلہ میں جو کام ہو چکا ہے اس کی تفصیل آپ کے ہاتھ میں ہے۔وہ حضرات جو متذکرہ بالا مقاصد سے اتفاق رکھتے ہیں ان سے ہم درخواست کرتے ہیں کہ وہ اشاعت حدیث کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھیں اور اس سلسلہ میں جو بھی خدمت سر انجام دے سکتے ہوں خود آگے بڑھ کر سرانجام دیں۔ہمارے نزدیک سب سے بڑی خدمت یہی ہے کہ ان کتب کو زیادہ سے زیادہ ہاتھوں تک پہنچایا جائے۔ [اَللّٰهُ يَجْتَبِيْٓ اِلَيْهِ مَنْ يَّشَاۗءُ وَيَهْدِيْٓ اِلَيْهِ مَنْ يُّنِيْبُ 13؀ ] (سورہ شوریٰ :13) ’’اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے(اپنے کام کے لیے)چن لیتا ہے،اور اپنی طرف آنے کا راستہ اسی کو دکھاتا ہے جو اس کی طرف رجوع کرے۔ ‘‘ واجب الاحترام علمائے کرام نے اپنی شدید گوناگوں مصروفیات کے باوجود دینی فریضہ سمجھتے ہوئے مسودہ کی نظر ثانی فرمائی اور بڑی محنت اور عرق ریزی سے مسودہ پر انتہائی قیمتی نوٹ تحریر فرمائے۔ادارہ ان تمام حضرات کے تعاون کا تہ دل سے شکر گزار ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ کریم ان تمام حضرات کو دنیا و آخرت میں اپنے بہترین انعامات سے نوازے ۔آمین! آخر میں مجھے اپنے ان تمام بھائیوں اور بزرگوں کا بھی شکریہ ادا کرناہے جو اشاعت حدیث کے لیے بڑی محنت اور خلوص سے مسلسل کام کر رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ اپنے ان تمام عاجز اور گناہ گار بندوں کی اس حقیر سی کوشش کو اپنے فضل خاص سے شرف قبولیت عطا فرمائے۔آمین! { رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا اِنَّکَ اَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ } اے ہمارے پروردگار! ہماری اس خدمت کو قبول فرما تو یقینا خوب سننے اور خوب جاننے والا ہے۔ محمد اقبال کیلانی،عفی اللہ عنہ جامعہ ملک سعود،الریاض المملکۃ العربیۃ السعودیۃ 21 ربیع الاول،1411ہـ/10اکتوبر1990ء