کتاب: زکوۃ ، عشر اور صدقۃالفطر فضائل احکام و مسائل - صفحہ 166
باب: 6 ’’طلوع اسلام‘‘ کا اشتراکی نظریہ، زکاۃ کا انکار! ذیل کا مضمون آج سے کئی سال قبل 1979ء کا تحریر کردہ ہے۔ اس کا تعلق بھی اس معنی میں زکاۃ ہی سے ہے کہ اس میں منکرین حدیث کے زکاۃ کے اس خود ساختہ مفہوم کی تردید کی گئی ہے جو وہ امت مسلمہ کے متفقہ مفہوم کے یکسر خلاف بیان کرتے ہیں ۔ اس لیے مناسب سمجھا گیا کہ اسے بھی کتاب میں شامل کردیا جائے۔ علاوہ ازیں اس مضمون میں قرآن مجید کی آیت﴿قُلِ الْعَفْوَ ﴾ کا بھی صحیح مفہوم اور زکاۃ اور ٹیکس کافرق بھی واضح کیا گیا ہے۔ حدیث سے انحراف اور قرآن میں تحریف معنوی مسٹر غلام احمد پرویز کے نظریات کا پرچارک ماہنامہ ’’طلوع اسلام‘‘ جس کا مشن ہی اسلامی مسلمات کا انکار اور ان کی دُور ازکار رکیک تاویلات ہے، آئے دن قرآن و حدیث کے خلاف عجیب عجیب شوشے چھوڑتا اور علمائے اسلام کے خلاف جلے دل کے پھپھولے پھوڑتا رہتا ہے۔ علماء اس کو منہ اس لیے نہیں لگاتے کہ جہاں تک اس ٹولے کے نظریات کا تعلق ہے، اس کی حد تک وہ مدلل تغلیط و تردید کر کے ان پر اتمام حجت کر چکے ہیں ۔ اب وہ کہاں تک اس ٹولے کا تعاقب کریں جبکہ وہ بار بار انھی باتوں کی جگالی کر رہا ہے جس کا وہ پوسٹ مارٹم متعدد مرتبہ کر چکے ہیں ۔