کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 84
دوسرا خطبہ محترم حضرات ! تقوی کی اہمیت، اس کی حقیقت اور متقین کی صفات معلوم کرنے کے بعد آئیے اب تقوی کے فوائد وثمرات کا تذکرہ کرتے ہیں۔ تقوی کے فوائد وثمرات محترم حضرات ! تقوی کے فوائد وثمرات بہت زیادہ ہیں۔ان میں سے چند ضروری فوائد وثمرات پیش خدمت ہیں : 1۔مشکلات سے نکلنے کا راستہ اور رزق میں کشادگی اللہ تعالی کا فرمان ہے : ﴿ وَمَن یَتَّقِ اللّٰہَ یَجْعَل لَّہُ مَخْرَجًا ٭ وَیَرْزُقْہُ مِنْ حَیْْثُ لَا یَحْتَسِبُ ﴾[1] ’’ اور جو شخص اللہ سے ڈرتا ہے اللہ اس کیلئے چھٹکارے کی راہ نکال دیتا ہے اوراسے ایسی جگہ سے روزی دیتا ہے جہاں سے اسے گمان بھی نہیں ہوتا۔‘‘ 2۔معاملات آسان ! اللہ تعالی کا فرمان ہے : ﴿ وَمَن یَتَّقِ اللّٰہَ یَجْعَل لَّہُ مِنْ أَمْرِہِ یُسْرًا ﴾[2] ’’ اور جو شخص اللہ سے ڈرتا ہے اللہ اس کے ہر کام میں آسانی پیدا کردیتا ہے۔‘‘ 3۔گناہوں کی معافی اور بہت بڑا اجر اللہ تعالی کا فرمان ہے : ﴿وَمَن یَتَّقِ اللّٰہَ یُکَفِّرْ عَنْہُ سَیِّئَاتِہِ وَیُعْظِمْ لَہُ أَجْرًا ﴾[3] ’’ اور جو شخص اللہ سے ڈرتا ہے اللہ اس کے گناہ مٹا دیتا ہے اور اسے بہت بڑا اجرعطا کرتاہے۔‘‘ 4۔حق وباطل میں فرق کرنے کی توفیق اور گناہوں کی بخشش اللہ تعالی کافرمان ہے : ﴿ یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اِنْ تَتَّقُوا اللّٰہَ یَجْعَلْ لَّکُمْ فُرْقَانًا وَّ یُکَفِّرْ عَنْکُمْ سَیِّاٰتِکُمْ وَ یَغْفِرْلَکُمْ وَ اللّٰہُ ذُوالْفَضْلِ الْعَظِیْمِ ﴾ [4] ’’ اے ایمان والو ! اگر تم اللہ تعالی سے ڈرتے رہو تو وہ تمھیں ( نور ِ بصیرت عطا کرکے حق وباطل میں ) فرق کرنے کی توفیق دے گا، تمھارے گناہوں کو مٹا دے گا اور تمھیں معاف کردے گا۔اور اللہ بڑے فضل والا ہے۔‘‘
[1] الطلاق65 :2۔3 [2] الطلاق65 :4 [3] الطلاق65 :5 [4] الأنفال8 :29