کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 65
((وَالَّذِیْ نَفْسِی بِیَدِہٖ لَتَأْمُرُنَّ بِالْمَعْرُوفِ وَلَتَنْہَوُنَّ عَنِ الْمُنْکَرِ،أَوْ لَیُوشِکَنَّ اللّٰہُ أَن یَّبْعَثَ عَلَیْکُمْ عِقَابًا مِّنْہُ، ثُمَّ تَدْعُونَہُ فَلَا یُسْتَجَابُ لَکُمْ ))
’’ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! تم ضرور بالضرور نیکی کا حکم دیتے رہنا اور برائی سے منع کرتے رہنا۔ورنہ اللہ تعالیٰ اپنی طرف سے بہت جلد تمھارے اوپر عذاب بھیجے گا، پھر تم اسے پکارو گے تو تمھاری پکار کو قبول نہیں کیا جائے گا۔‘‘[1]
3۔تباہی وبربادی !
جس معاشرے میں اِس فریضہ کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے، وہ بہت جلد تباہی کے کنارے پر پہنچ جاتا ہے۔
جناب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی مثال یوں بیان فرمائی کہ جیسے کچھ لوگ ایک بحری جہاز میں سوار ہوں۔ان میں سے کچھ لوگ نچلے طبقے میں اور کچھ لوگ اوپر والے طبقے میں ہوں۔نچلے طبقے کے لوگوں کو پانی لینے کیلئے بارباراوپر جانا پڑتا ہے۔جس سے اوپر والے طبقے کے لوگوں کو تکلیف پہنچتی ہے۔چنانچہ نچلے طبقے کے لوگ سوچتے ہیں کہ بجائے اوپر جانے اور اوپر والے لوگوں کو بار بار تکلیف دینے کے ہم نیچے سے ہی سوراخ کر لیں !! اب اگر اوپر والے نیچے والوں کو اس سے منع نہ کریں تو نتیجہ یہ نکلے گا کہ جہاز میں سوار سب لوگ ڈوب جائیں گے اور اگر وہ انھیں ایسا کرنے سے منع کریں تو خود بھی بچ جائیں گے اور جہاز میں سوار دیگر لوگ بھی نجات پا جائیں گے۔[2]
اسی طرح اگر معاشرے میں برائیوں سے منع کرنے والا کوئی نہ ہو اور سب لوگ فاسقوں اور فاجروں کے متعلق چب سادھ لیں تو اس میں بسنے والے تمام لوگ اللہ کے عذاب کی زد میں آجاتے ہیں۔لیکن اگر انھیں منع کرنے والے لوگ موجود ہوں تو وہ خود بھی نجات پا جاتے ہیں اور معاشرے کے دیگر باسیوں کی نجات کا بھی سبب بن جاتے ہیں۔
4۔برائی سے منع نہ کرنا اللہ تعالیٰ کی لعنت کا موجب بنتا ہے
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : ﴿ لُعِنَ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا مِنْ بَنِیْٓ اِسْرَآئِیْلَ عَلٰی لِسَانِ دَاوٗدَ وَ عِیْسَی ابْنِ مَرْیَمَ ذٰلِکَ بِمَا عَصَوْا وَّ کَانُوْا یَعْتَدُوْنَ ٭ کَانُوْا لَا یَتَنَاھَوْنَ عَنْ مُّنْکَرٍ فَعَلُوْہُ لَبِئْسَ مَا کَانُوْا یَفْعَلُوْنَ ﴾ [3]
’’ بنی اسرائیل کے جن لوگوں نے کفر کیا ان پر داؤد ( علیہ السلام ) اور عیسی بن مریم ( علیہ السلام ) کی زبانی لعنت بھیجی
[1] جامع الترمذی : 2169۔وصححہ الألبانی
[2] صحیح البخاری :2493
[3] المائدۃ5 :78۔79