کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 470
وہ سمندر کی جھاگ کے برابر کیوں نہ ہوں۔‘‘
4۔آپ تقریبا دو منٹ میں سو مرتبہ استغفار کر سکتے ہیں۔
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم صرف ایک مجلس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے یہ دعا سو مرتبہ سنتے تھے :
( رَبِّ اغْفِرْ لِی وَتُبْ عَلَیَّ إِنَّکَ أَنْتَ التَّوَّابُ الْغَفُوْرُ )
’’ اے میرے رب ! مجھے معاف کردے اور میری توبہ قبول فرما، یقینا تو ہی خوب توبہ قبول کرنے والا، بڑا معاف کرنے والا ہے۔‘‘[1]
5۔آپ دو منٹ میں سو مرتبہ ( لا حول ولا قوۃ الا باللّٰه ) پڑھ سکتے ہیں۔جسے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانہ قرار دیا ہے۔اور اسے کثرت سے پڑھنے کا حکم دیا ہے۔
6۔آپ تقریبا دو اڑھائی منٹ میں سو مرتبہ ( سبحان اللّٰه وبحمدہ سبحان اللّٰه العظیم ) پڑھ سکتے ہیں۔جس کے بارے میں رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے : ( کَلِمَتَانِ حَبِیْبَتَانِ إِلَی الرَّحْمٰنِ، خَفِیْفَتَانِ عَلَی اللِّسَانِ، ثَقِیْلَتَانِ فِی الْمِیْزَانِ : سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ، سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیْم ) [2]
’’ دو کلمے ایسے ہیں جو اللہ تعالیٰ کو انتہائی پیارے، زبان پر بہت ہلکے اور ترازو میں انتہائی وزنی ہیں : سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ، سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیْم ‘‘
7۔آپ ایک منٹ میں دس مرتبہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیج سکتے ہیں۔اور ایک مرتبہ درود بھیجنے پر اللہ تعالی کی دس رحمتیں نازل ہوتی ہیں، دس گناہ معاف ہوتے ہیں اور دس درجے بلند ہوتے ہیں۔یوں دس مرتبہ درود بھیجنے سے سو رحمتیں نازل ہونگی، سو گناہ معاف ہونگے اور سو درجے بلند ہونگے۔
میرے بھائیو اور دوستو ! یہ اور اِس طرح کے دیگر اعمال انتہائی کم وقت میں کئے جا سکتے ہیں۔اور ان کے ذریعے بفضل اللّٰه تعالی بہت سے فوائد وثمرات حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو وقت کے ضیاع سے محفوظ رکھے۔ہمیں قیمتی فارغ اوقات سے بھر پور طور مستفید ہونے اور ذخیرۂ آخرت بننے والے اعمال انجام دینے کی توفیق دے۔آمین
وآخر دعوانا أن الحمد للّٰه رب العالمین
[1] السلسلۃ الصحیحۃ :556
[2] صحیح البخاری :7563