کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 441
دوسرا خطبہ
محترم حضرات ! اپنے موضوع کو مکمل کرتے ہوئے کچھ مزید اعمال کا تذکرہ بھی سن لیجئے جن کے بسبب اللہ تعالی جنت میں گھر بنا دیتا ہے :
15۔مریض کی عیادت کرنا
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے : (( مَنْ عَادَ مَرِیْضًا نَادَی مُنَادٍ مِنَ السَّمَائِ : طِبْتَ وَطَابَ مَمْشَاکَ، وَتَبَوَّأْتَ مِنَ الْجَنَّۃِ مَنْزِلًا[1]))
’’ جو شخص مریض کی عیادت کرے توآسمان سے ایک اعلان کرنے والا اعلان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ تمھیں خوشحالی نصیب ہو، تمھارا چلنا بہت اچھا ہے اور تم نے جنت میں ایک گھر بنا لیا ہے۔‘‘
16۔مسلمان سے ملاقات کیلئے جانا
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے :(( إِذَا عَادَ الرَّجُلُ أَخَاہُ أَوْ زَارَہُ قَالَ اللّٰہُ لَہُ : طِبْتَ وَطَابَ مَمْشَاکَ، وَتَبَوَّأْتَ مَنْزِلًا فِی الْجَنَّۃِ)) [2]
’’ جب ایک آدمی اپنے بھائی کی عیادت یا زیارت کرے تو اللہ تعالی اس سے کہتا ہے : تم اچھے ہو اور تمھارا چلنا بھی اچھاہے اور تم نے جنت میں گھر بنا لیا ہے۔‘‘
17۔بازار میں داخل ہونے کی دعا پڑھنا
بازار میں جانا اور اس میں خرید وفروخت کرنا ہر انسان کی ضرورت ہے۔بلکہ بعض اوقات دن میں کئی مرتبہ بازار جانا پڑتا ہے اور ضرورت کی اشیاء خریدنا پڑتی ہیں۔اگر بازار میں داخل ہونے سے پہلے بندہ مسنون دعا پڑھ لے تو اس سے بہت ساری نیکیاں کمائی جا سکتی ہیں، بہت سارے گناہ مٹ سکتے ہیں۔اس کے علاوہ جنت میں ایک گھر کی خوشخبری بھی ملتی ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے :
(( مَنْ قَالَ فِی السُّوقِ : لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ، لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ، یُحْیِیْ وَیُمِیْتُ وَہُوَ حَیٌّ لَا یَمُوْتُ، بِیَدِہِ الْخَیْرُ، وَہُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ، کَتَبَ اللّٰہُ لَہُ أَلْفَ أَلْفِ حَسَنَۃٍ وَمَحَا عَنْہُ أَلْفَ أَلْفِ سَیِّئَۃٍ،وَرَفَعَ لَہُ أَلْفَ أَلْفِ دَرَجَۃٍ ))
[1] سنن ابن ماجہ : 1443۔وحسنہ الألبانی
[2] الأدب المفرد :345۔وحسنہ الألبانی