کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 427
جنت کے محلات کس کے لیے ؟ اہم عناصرِ خطبہ : 1۔جنت کی نعمتیں انسانی تصور سے بھی بالا تر ! 2۔جنت کے محلات کا ثبوت 3۔جنت کے محلات کا حقدار کون ؟ پہلا خطبہ محترم حضرات ! اللہ تعالی نے اہل ایمان کیلئے اور اپنے فرمانبردار بندوں کیلئے جنت تیار کی ہے، جس میں ایسی ایسی نعمتیں ہونگی کہ جن کو نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے اور نہ ان کے متعلق کسی کان نے سنا ہے۔بلکہ آنکھ کا دیکھنا اور کان کا سننا تو دور کی بات، وہ تو ہمارے تصور سے بھی بالا تر ہیں۔ ہمارے پیارے نبی جناب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے : (( قَالَ اللّٰہُ عَزَّ وَجَلَّ : أَعْدَدْتُّ لِعِبَادِی الصَّالِحِیْنَ مَا لَا عَیْنٌ رَأَتْ وَلَا أُذُنٌ سَمِعَتْ، وَلَا خَطَرَ عَلٰی قَلْبِ بَشَرٍ )) [1] ’’ اللہ تعالی فرماتا ہے : میں نے اپنے نیک بندوں کیلئے ایسی نعمتیں تیار کی ہیں کہ جنہیں نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے، نہ کسی کان نے ان کے بارے میں کچھ سنا ہے اور نہ ہی کسی انسان کے دل میں ان کے متعلق کوئی تصور پیدا ہوا ہے۔‘‘ میرے بھائیو اور بہنو ! جنت میں زندگی ہمیشہ کیلئے ہوگی اور اس میں موت کبھی نہیں آئے گی۔ہمیشہ کیلئے صحت وتندرستی ہوگی اور بیماری کبھی نہیں آئے گی۔ہمیشہ کیلئے جوانی کا لطف ہوگا، بڑھاپا کبھی نہیں آئے گا۔ہمیشہ کیلئے خوشحالی ہوگی اور بد حالی کبھی نہیں آئے گی۔ حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ اورحضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( إِذَا دَخَلَ أَہْلُ الْجَنَّۃِ الْجَنَّۃَ یُنَادِیْ مُنَادٍ)) ’’ جب جنت والے جنت میں چلے جائیں گے تو ایک اعلان کرنے والا پکار کر کہے گا :
[1] صحیح البخاری:3244، صحیح مسلم :2823