کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 419
7۔اعتقادی نفاق
جو آدمی ظاہراً مسلمان ہونے کا دعوی کرتا ہو اور اپنے دل میں کفر چھپائے ہوئے ہو اور خفیہ طور پر کفار سے تعلقات ہموار کرتا ہو اور ظاہری طور پر مسلمانوں سے بھی دوستی کا اظہار کرتا ہو، تو اُس کا یہ اعتقادی نفاق اس کے اعمال کی بربادی کا سبب بن جاتا ہے۔
اللہ تعالی نے سورۃ المائدہ میں اہل ِ ایمان کو یہود ونصاری کو دوست بنانے سے منع فرمایا۔اس کے بعد منافقوں کے طرز عمل کی نشاندہی کرتے ہوئے فرمایا: ﴿ فَتَرَی الَّذِیْنَ فِیْ قُلُوْبِھِمْ مَّرَضٌ یُّسَارِعُوْنَ فِیْھِمْ یَقُوْلُوْنَ نَخْشٰٓی اَنْ تُصِیْبَنَا دَآئِرَۃٌ ﴾ [1]
’’آپ دیکھیں گے کہ جن لوگوں کے دلوں میں روگ ہے وہ انہی ( یہود ونصاری ) میں دوڑ دھوپ کرتے پھرتے ہیں۔کہتے ہیں کہ ہم ڈرتے ہیں کہ کہیں کسی مصیبت میں نہ پڑ جائیں۔‘‘
یہ منافق ایک طرف یہود ونصاری سے خفیہ تعلقات قائم کرتے تھے، تو دوسری طرف قسمیں کھا کر مؤمنوں سے کہتے تھے کہ ہم تمھارے ساتھ ہیں !
چنانچہ اللہ تعالی نے فرمایا : ﴿وَ یَقُوْلُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اَھٰٓؤُلَآئِ الَّذِیْنَ اَقْسَمُوْا بِاللّٰہِ جَھْدَ اَیْمَانِھِمْ اِنَّھُمْ لَمَعَکُمْ حَبِطَتْ اَعْمَالُھُمْ فَاَصْبَحُوْا خٰسِرِیْنَ ﴾[2]
’’ اور ایمان والے کہیں گے کہ کیا یہی وہ لوگ ہیں جو اللہ کی بڑی بھاری قسمیں کھا کر کہتے تھے کہ یقینا وہ تمھارے ساتھ ہیں، ایسے منافقوں کے اعمال برباد ہوگئے اور انھوں نے بالآخر نقصان ہی اٹھایا۔‘‘
اسی طرح غزوۂ احزاب کے دوران بھی منافقوں نے جو طرز عمل اختیار کیا اللہ تعالی نے اس سے پردہ اٹھا دیا اور فرمایا : ﴿اَشِحَّۃً عَلَیْکُمْ فَاِذَا جَآئَ الْخَوْفُ رَاَیْتَھُمْ یَنْظُرُوْنَ اِلَیْکَ تَدُوْرُ اَعْیُنُھُمْ کَالَّذِیْ یُغْشٰی عَلَیْہِ مِنَ الْمَوْتِ فَاِذَا ذَھَبَ الْخَوْفُ سَلَقُوْکُمْ بِاَلْسِنَۃٍ حِدَادٍ اَشِحَّۃً عَلَی الْخَیْرِ اُولٰٓئِکَ لَمْ یُؤمِنُوْا فَاَحْبَطَ اللّٰہُ اَعْمَالَھُمْ وَ کَانَ ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ یَسِیْرًا ﴾[3]
’’ وہ تمھارا ساتھ دینے میں سخت بخیل ہیں۔پھر جب ( جنگ کا ) خطرہ آن پڑتا ہے تو آپ دیکھتے ہیں کہ وہ آنکھیں پھیر پھیر کر آپ کی طرف یوں دیکھتے ہیں جیسے کسی پر موت کی غشی طاری ہو چکی ہو۔پھر جب خطرہ دور ہوجاتا ہے تو اموال غنیمت کے انتہائی حریص بن کر تیز تیز زبانیں چلانے لگتے ہیں۔یہی لوگ ہیں جو ایمان نہیں لائے۔لہٰذا اللہ نے ان کے اعمال ضائع کردئیے ہیں۔اور یہ بات اللہ کیلئے بہت آسان ہے۔‘‘
[1] المائدۃ5 :52
[2] المائدۃ5 :53
[3] الأحزاب33 :19