کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 405
’’اللہ کی لعنت ہے چور پر جو ایک انڈا چوری کرتا ہے تو اس کا ہاتھ کاٹ دیا جاتا ہے۔اور ایک رسی چوری کرتا ہے تو اس کا ہاتھ کاٹ دیا جاتا ہے۔‘‘ 12۔مردو زن کا ایک دوسرے سے مشابہت اختیار کرنا یعنی بول چال، ظاہری وضع قطع اور لباس وغیرہ میں جو مرد وزن ایک دوسرے سے مشابہت اختیار کرتے ہیں ان پر لعنت ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ((لَعَنَ رَسُولُ اللّٰہ صلي اللّٰه عليه وسلم الْمُتَشَبِّہِیْنَ مِنَ الرِّجَالِ بِالنِّسَائِ،وَالْمُتَشَبِّہَاتِ مِنَ النِّسَائِ بِالرِّجَالِ)) ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان مردوں پر لعنت بھیجی جو عورتوں سے مشابہت اختیار کرتے ہیں۔اسی طرح ان عورتوں پر بھی لعنت بھیجی جو مردوں سے مشابہت اختیار کرتی ہیں۔‘‘[1] جبکہ ایک روایت میں ہے کہ (( لَعَنَ النَّبِیُّ صلی اللّٰه علیہ وسلم الْمُخَنَّثِیْنَ مِنَ الرِّجَالِ، وَالْمُتَرَجِّلَاتِ مِنَ النِّسَائِ، وَقَالَ : أَخْرِجُوہُمْ مِنْ بُیُوتِکُمْ)) [2] ’’ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنت بھیجی مردوں میں سے مخنث لوگوں پر اور عورتوں میں سے مردوں کی شکل وصورت اختیار کرنے والوں پر۔اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ انھیں اپنے گھروں سے نکال دیا کرو۔‘‘ اسی طرح حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ (( لَعَنَ رَسُولُ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم۔وفی روایۃ : لَعَنَ اللّٰہُ۔الرَّجُلَ یَلْبَسُ لِبْسَۃَ الْمَرْأَۃِ، وَالْمَرْأَۃَ تَلْبَسُ لِبْسَۃَ الرَّجُلِ)) [3] ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ( اور ایک روایت میں ہے کہ اللہ تعالی نے ) اس مرد پر لعنت بھیجی جو عورت والالباس پہنے۔اور اس عورت پر لعنت بھیجی جو مرد والا لباس پہنے۔‘‘
[1] صحیح البخاری :5885 [2] صحیح البخاری : 5886 [3] سنن أبی داؤد :4098،وصححہ الألبانی۔وصحیح الجامع :9226