کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 371
زیادہ جانتا ہے : میرے بندے کیا کہہ رہے ہیں ؟
وہ جواب دیتے ہیں : وہ تیری تسبیح، تیری بڑائی، تیری تعریف اور تیری بزرگی بیان کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : کیا انھوں نے مجھے دیکھا ہے ؟
فرشتے کہتے ہیں : نہیں، انھوں نے تجھے نہیں دیکھا۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : اگر انھوں نے مجھے دیکھا ہوتا تو پھر ان کی کیا حالت ہوتی ؟
فرشتے کہتے ہیں : اگر انھوں نے تجھے دیکھا ہوتا تو وہ یقینا تیری عبادت اور زیادہ کرتے۔اور تیری بزرگی، تیری تعریف اور تیری تسبیح اور زیادہ بیان کرتے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : وہ مجھ سے کس چیز کا سوال کرتے ہیں ؟
فرشتے کہتے ہیں : وہ تجھ سے تیری جنت کا سوال کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : کیا انھوں نے میری جنت کو دیکھا ہے ؟
وہ کہتے ہیں : نہیں۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : اگر وہ جنت کو دیکھ لیتے تو پھر ان کی کیا کیفیت ہوتی ؟
فرشتے کہتے ہیں : اگر انھوں نے اسے دیکھا ہوتا تو وہ اور زیادہ اس کیلئے شوقین ہوتے اور مزید اس کی طلب اور رغبت رکھتے۔
اللہ تعالیٰ پوچھتا ہے : وہ کس چیز سے پناہ مانگتے ہیں ؟
فرشتے جواب دیتے ہیں : جہنم کی آگ سے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : کیا انھوں نے اسے دیکھا ہے ؟ فرشتے کہتے ہیں : نہیں دیکھا۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : اگر وہ اسے دیکھ لیتے تو پھر ان کی کیا حالت ہوتی ؟
فرشتے جواب دیتے ہیں:اگر وہ اسے دیکھ چکے ہوتے تو اس سے اور زیادہ دور بھاگتے اور اس سے مزید ڈرتے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : (( فَأُشْہِدُکُمْ أَنِّیْ قَدْ غَفَرْتُ لَہُمْ ))
’’میں تمہیں گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں نے انھیں معاف کردیا ہے۔‘‘
فرشتوں میں سے ایک فرشتہ کہتا ہے : اس مجلس میں فلاں بندہ بھی تھا جو ان میں سے نہیں، بلکہ وہ کسی کام کیلئے آیا تھا، پھر ان کے ساتھ بیٹھ گیا۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : (( وَلَہٗ غَفَرْتُ، ہُمُ الْقَومُ لَا یَشْقٰی بِہِمْ جَلِیْسُہُمْ ))