کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 354
اللہ تعالی کا فرمان ہے :﴿ وَمَنْ یَّتَّقِ اللّٰہَ یَجْعَلْ لَّہُ مَخْرَجًا ٭ وَّیَرْزُقْہُ مِنْ حَیْثُ لاَ یَحْتَسِبُ ﴾ [1]
’’ اور جو شخص اللہ تعالی سے ڈرتا رہے اللہ اس کیلئے مشکلات سے نکلنے کی کوئی نہ کوئی راہ پیدا کردیتا ہے۔اور اسے ایسی جگہ سے رزق دیتا ہے جہاں سے اسے وہم وگمان بھی نہیں ہوتا۔‘‘
اسی طرح فرمایا : ﴿ وَلَوْ أَنَّ أَہْلَ الْقُریٰ آمَنُوْا وَاتَّقَوْا لَفَتَحْنَا عَلَیْہِمْ بَرَکَاتٍ مِّنَ السَّمَآئِ وَالْأَرْضِ﴾ [2]
’’ اور اگر یہ بستیوں والے ایمان لاتے اور اللہ کی نافرمانی سے بچتے تو ہم ان پر آسمان اور زمین کی برکات (کے دروازے) کھول دیتے۔‘‘
اسی طرح فرمایا : ﴿ وَ لَوْ اَنَّ اَھْلَ الْکِتٰبِ اٰمَنُوْا وَاتَّقَوْا لَکَفَّرْنَا عَنْھُمْ سَیِّاٰتِھِمْ وَ لَاَدْخَلْنٰھُمْ جَنّٰتِ النَّعِیْمِ٭ وَ لَوْ اَنَّھُمْ اَقَامُوا التَّوْرٰۃَ وَ الْاِنْجِیْلَ وَ مَآ اُنْزِلَ اِلَیْھِمْ مِّنْ رَّبِّھِمْ لَاَکَلُوْا مِنْ فَوْقِھِمْ وَ مِنْ تَحْتِ اَرْجُلِھِمْ﴾[3]
’’ اگر اہل کتاب ایمان لے آتے اور تقوی اختیار کرتے تو ہم ان سے ان کی برائیوں کو مٹا دیتے اور انھیں نعمتوں والے باغات میں داخل کردیتے۔اور اگر وہ توراۃ وانجیل اور جو کچھ ان کی طرف ان کے رب کی طرف سے نازل کیا گیا، اس پر عمل پیرا رہتے تو وہ اپنے اوپر سے بھی کھاتے اور اپنے پیروں کے نیچے سے بھی۔‘‘
عزیزان گرامی ! ’تقوی ‘ کا تقاضا یہ ہے کہ بندۂ مومن حلال کمائے اور خود بھی حلال کھائے اور اپنے زیر کفالت افراد کو بھی حلال ہی کھلائے۔اور حرام کمائی کے تمام ذرائع سے اجتناب اور پرہیز کرے۔تب اُس کے رزق میں برکت آئے گی۔ورنہ اگر کوئی شخص حلال وحرام میں کوئی فرق نہ کرے اور حلال کے ساتھ حرام کی بھی ملاوٹ کرے تو اس کے رزق سے برکت اٹھ جاتی ہے۔
چنانچہ وہ لوگ جو رشوت لیتے ہیں، یا خیانت کرتے ہیں، یا چوری کرتے ہیں، یا ڈاکہ زنی کرتے ہیں، یا قرضہ دے کر سود لیتے ہیں، یا مختلف ساز وسامان ادھار پر لے کر اس کی قیمت ادا کرنے سے انکار کردیتے ہیں، یا قرضہ لے کر اسے واپس نہیں لوٹاتے، تو ایسے لوگوں کا رزق یقینی طور پر برکت سے خالی ہوتا ہے۔
اسی طرح وہ لوگ جو لین دین کے معاملات میں جھوٹ بولتے ہیں، یا دھوکہ دیتے ہیں، یا فراڈ کرتے ہیں، یا جھوٹی قسمیں کھاتے ہیں، یا ماپ تول میں کمی بیشی کرتے ہیں، یا اشیائے خورد ونوش میں ملاوٹ کرتے ہیں……
[1] الطلاق65 :2۔3
[2] الأعراف7 :96
[3] المائدۃ5 :65۔66