کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 34
تیسری خصوصیت : باسیانِ اسلامی معاشرہ کا اتفاق واتحاد ! اسلامی معاشرے کی تیسری خصوصیت یہ ہے کہ اس میں بسنے والے تمام لوگ ایک امت ہوتے ہیں۔ان میں گروہ بندی اور فرقہ واریت نہیں ہوتی۔وہ ایک اللہ کی عبادت کرنے والے، ایک نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کرنے والے، ایک قبلے کی طرف رخ کرکے نمازیں پڑھنے والے اور ایک ہی کتاب کو دستور حیات بنانے والے ہوتے ہیں۔اور اگر ان کے ما بین کسی مسئلے میں نزاع ہوتا ہے تو وہ اسے کتاب اللہ اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں حل کرلیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں تمام اہل ِ ایمان کو متحد رہنے کا حکم دیا ہے اور فرقہ واریت اور گروہ بندی سے منع فرمایا ہے۔اس کا ارشاد ہے : ﴿وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَّلاَ تَفَرَّقُوا وَاذْکُرُوا نِعْمَتَ اللّٰہِ عَلَیْْکُمْ إِذْ کُنتُمْ أَعْدَائً فَأَلَّفَ بَیْْنَ قُلُوبِکُمْ فَأَصْبَحْتُم بِنِعْمَتِہِ إِخْوَانًا وَکُنتُمْ عَلَی شَفَا حُفْرَۃٍ مِّنَ النَّارِ فَأَنقَذَکُم مِّنْہَا کَذَلِکَ یُبَیِّنُ اللّٰہُ لَکُمْ آیَاتِہِ لَعَلَّکُمْ تَہْتَدُونَ ﴾ [1] ’’تم سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور فرقوں میں مت بٹو۔اور اپنے اوپر اللہ کی نعمت کو یاد کرو جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے، پھر اس نے تمھارے دلوں میں الفت پیدا کردی اور تم اس کے فضل سے بھائی بھائی بن گئے۔اور( یاد کرو جب ) تم جہنم کے گڑھے کے کنارے پر پہنچ چکے تھے تو اس نے تمھیں اس سے بچا لیا۔اسی طرح اللہ تعالیٰ تمھارے لئے اپنی آیتیں کھول کھول کر بیان کرتا ہے تاکہ تم ہدایت پا جاؤ۔‘‘ اِس آیت کریمہ میں جہاں اللہ تعالیٰ نے تمام مومنوں کو مل کر اللہ کے دین کو مضبوطی سے تھامنے کا حکم دیا اور فرقہ بندی سے منع کیا وہاں اس نے اپنا احسان عظیم یاد دلایا کہ تم ایک دوسرے کے خون کے پیاسے تھے، لیکن اس نے تمھارے دلوں میں محبت پیدا کردی، جس کے نتیجے میں تم سب بھائی بھائی بن گئے۔اس سے معلوم ہوا کہ اسلامی معاشرے کے باسیوں کی آپس میں الفت ومحبت اور ان سب کا اکٹھے رہنا اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔اسی نعمت کو اللہ تعالیٰ نے ایک اور مقام پر یوں ذکر فرمایا : ﴿وَأَلَّفَ بَیْْنَ قُلُوبِہِمْ لَوْ أَنفَقْتَ مَا فِیْ الأَرْضِ جَمِیْعًا مَّا أَلَّفَتْ بَیْْنَ قُلُوبِہِمْ وَلَکِنَّ اللّٰہَ أَلَّفَ بَیْْنَہُمْ إِنَّہُ عَزِیْزٌ حَکِیْمٌ ﴾[2]
[1] آل عمران3 :103 [2] الأنفال8 : 63