کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 320
مسلمانوں میں سے ایک ہوں، جو آزمائشیں ان پر آتی ہیں وہ مجھ پر بھی آتی ہیں۔‘‘ [1] محترم سامعین ! یہ چند پہلو تھے سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کی عملی زندگی کے، جنھیں ذکر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم بھی ان کی اقتداء کریں۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس کی توفیق دے۔آمین دوسرا خطبہ محترم بھائیو اور بزرگو ! سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کی سیرت طیبہ کا ایک باب ان کے دورِ خلافت سے متعلق ہے۔جو ایک مستقل موضوع ہے اور اس کیلئے ایک خطبہ نہیں بلکہ کئی خطبے درکار ہیں۔لیکن ہم یہاں اِس باب کو چند اہم نکات میں بیان کرتے ہیں۔ خلیفۂ دوم : امیر المؤمنین عمر رضی اللہ عنہ کے کارناموں کا مختصر تذکرہ 1۔بطور ِ خلیفہ نامزدگی خلیفۂ اول سیدنا ابو بکر الصدیق رضی اللہ عنہ نے اپنی وفات سے قبل سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کو خلیفۃ المسلمین نامزد کردیا تھا۔اور یہ اس امت کے سب سے افضل انسان حضرت ابو بکر الصدیق رضی اللہ عنہ کی فراست کی دلیل ہے کیونکہ وہ اچھی طرح جانتے تھے کہ ان کے بعد اگر کوئی شخص منصب ِ خلافت پر فائز ہونے کا سب سے زیادہ اہل ہے تو وہ عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ ہیں۔انسان جب قریب المرگ ہوتا ہے تو اس وقت اسے اللہ تعالی کا زیادہ خوف ہوتا ہے، چنانچہ وہ کوئی ایسا کام نہیں کرتا جو اللہ تعالی کو ناراض کرنے والا ہو۔لہذا جناب ابو بکر الصدیق رضی اللہ عنہ نے بھی اپنے آپ کو اللہ تعالی کے ہاں بریء الذمہ کرنے کیلئے اپنی موت سے پہلے اُس شخص کو اپنا جانشین مقرر فرمایا جو ان کے بعد اِس امت کا سب سے افضل انسان تھا۔اور خلافت کیلئے سب سے زیادہ مضبوط اور سب سے زیادہ پرہیزگار اور امانتدار تھا۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ جب ابو بکر رضی اللہ عنہ پر موت کا وقت آیا تو انھوں نے عمر رضی اللہ عنہ کو اپنا جانشین مقرر کردیا۔پھر آپ کے پاس علی اور طلحہ ( رضی اللہ عنہما ) آئے تو انھوں نے پوچھا : آپ نے کس کو خلیفہ مقرر کیا ہے ؟ تو انھوں نے جواب دیا : عمر رضی اللہ عنہ کو۔تو ان دونوں نے کہا : ( وہ تو انتہائی سخت مزاج ہیں لہذا ) آپ اپنے رب کو کیا جواب دیں گے ؟ انھوں نے کہا : کیا تم مجھے اللہ تعالی سے ڈراتے ہو ! میں تم سے زیادہ عمر رضی اللہ عنہ کو جانتا ہوں۔میں کہوں گا : اللہ ! میں نے مسلمانوں کا خلیفہ اس شخص کو نامزد کیا جو مکہ والوں میں سب سے بہتر تھا۔[2]
[1] طبقات ابن سعد : 3/275وسندہ صحیح [2] إرواء الغلیل للألبانی : 6/80