کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 32
دوسری خصوصیت : اطاعت وفر مانبرداری صرف اللہ تعالیٰ کی اور اس کے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلے اسلامی معاشرے کے باشندوں کو توحید باری تعالیٰ کے بعد جو دوسرا سبق دیا وہ یہ تھا کہ اطاعت وفرمانبرداری اگر ہے تو وہ صرف اور صرف اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے ہے۔یعنی اسلامی معاشرے کے باسی اِس بات کے پابند ہیں کہ وہ بحیثیت مسلمان اللہ تعالیٰ کی اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی فرمانبرداری کریں اور ان کی نافرمانی سے اجتناب کریں۔کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اسی بات کا حکم دیا تھا کہ ﴿وَأَطِیْعُوْا اللّٰہَ وَأَطِیْعُوْا الرَّسُوْلَ وَاحْذَرُوْا فَإِنْ تَوَلَّیْتُمْ فَاعْلَمُوْا أَنَّمَا عَلٰی رَسُوْلِنَا الْبَلاَغُ الْمُبِیْنُ﴾[1] ’’ اور تم اللہ کی اطاعت کرتے رہو اور رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی اطاعت کرتے رہو۔اور (نافرمانی سے ) ڈرتے رہو اوراگر تم نے اعراض کیا تو جان لو کہ ہمارے رسول کے ذمہ بس صاف صاف پہنچادینا ہے۔‘‘ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا : ﴿ یَا أَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا اسْتَجِیْبُوْا لِلّٰہِ وَلِلرَّسُوْلِ إِذَا دَعَا کُمْ لِمَا یُحْیِیْکُمْ﴾ [2] ’’ اے ایمان والو ! اللہ اور رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کا حکم مانو جبکہ رسول تمھیں اس چیز کی طرف بلائے جو تمھارے لئے زندگی بخش ہو۔‘‘ نیز فرمایا :﴿یَا أَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا أَطِیْعُوْا اللّٰہَ وَأَطِیْعُوْا الرَّسُوْلَ وَلاَ تُبْطِلُوْا أَعْمَالَکُمْ﴾[3] ’’ اے ایمان والو!اللہ کی اطاعت کرو اور رسول کا کہا مانو اور اپنے اعمال کو غارت نہ کرو۔‘‘ یہ اور ان کے علاوہ دیگر بہت ساری آیات اسی بات پر دلالت کرتی ہیں کہ باشندگانِ اسلامی معاشرہ صرف اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول جناب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت وفرمانبرداری کرنے کے مامور وپابندہیں۔ سوال یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت وفرمانبرداری کے متعلق ان آیات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہمیں کیا کرنا چاہئے ؟ اور اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات ہمیں کہاں سے معلوم کرنے
[1] المائدۃ5 :92 [2] الأنفال8 :24 [3] محمد47 :33