کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 278
یعنی یتیم کے بالغ اور با شعور ہونے تک اس کے مال کی حفاظت کرو اور یتیم کی خیر خواہی کرو، نہ یہ کہ اس کے مال کو فضول خرچیوں میں اڑا دو، یا اس میں بے جا تصرف کرکے اسے ٹھکانے لگا دو۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے : ﴿وَ لَا تَاْکُلُوْھَآ اِسْرَافًا وَّ بِدَارًا اَنْ یَّکْبَرُوْا ﴾ [1]
’’اور ان کے بڑے ہوجانے کے ڈر سے ان کے مالوں کو جلدی جلدی فضول خرچیوں میں تباہ نہ کرو۔‘‘
ہاں اگر یتیم کا سرپرست خود فقیر ہو اور یتیموں کی دیکھ بھال کی وجہ سے کوئی اور کام نہ کر سکتا ہو تو وہ اپنی ضرورت کے مطابق اس کے مال میں سے واجبی طور پرکھا سکتا ہے۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے :
﴿ وَ مَنْ کَانَ غَنِیًّا فَلْیَسْتَعْفِفْ وَ مَنْ کَانَ فَقِیْرًا فَلْیَاْکُلْ بِالْمَعْرُوْفِ ﴾[2]
’’اور جو مالدار ہو تو وہ ( ان کے مال سے ) بچتا رہے۔اور جو فقیر ہو تو دستور کے مطابق واجبی طور پر کھا سکتا ہے۔‘‘
6۔میدانِ جنگ سے پیٹھ پھیرنا
سات مہلک اور تباہ کن گناہوں میں سے چھٹا گناہ ہے : میدان جنگ سے پیٹھ پھیرنا۔
اللہ تعالی نے اہل ِایمان کو میدان ِ جنگ سے پیٹھ پھیر کر بھاگنے سے منع کیاہے۔اس کا فرمان ہے :
﴿ یٰٓاَ یُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اِذَا لَقِیْتُمُ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا زَحْفًا فَلَا تُوَلُّوْھُمُ الْاَدْبَارَ﴾[3]
’’ اے ایمان والو ! جب تم کافروں کے بالمقابل صف آرا ہو جاؤ تو ان سے پیٹھ مت پھیرنا۔‘‘
اِس آیت سے معلوم ہوا کہ مسلمان جب کافروں سے بر سر پیکار ہوں اور میدان کارزار میں ان کے آمنے سامنے ہوں تو میدان چھوڑ کر بھاگ کھڑا ہونا حرام ہے۔اور یہ اتنا بڑا گناہ ہے کہ اللہ تعالی اس کے بعد ارشاد فرماتا ہے : ﴿وَ مَنْ یُّوَلِّھِمْ یَوْمَئِذٍ دُبُرَہٗٓ اِلَّا مُتَحَرِّفًا لِّقِتَالٍ اَوْ مُتَحَیِّزًا اِلٰی فِئَۃٍ فَقَدْ بَآئَ بِغَضَبٍ مِّنَ اللّٰہِ وَ مَاْوٰہُ جَھَنَّمُ وَ بِئْسَ الْمَصِیْرُ ﴾[4]
’’ اور جو شخص ان سے اس موقع پر پیٹھ پھیرے گا، سوائے اس کے کہ اس میں کوئی جنگی چال ہو، یا ( اسلامی فوج کی کسی ) جماعت سے مل جانا مقصود ہو تو وہ اللہ کے غضب کا مستحق ہوگا اور اس کا ٹھکانا دوزخ ہوگا۔اور وہ بہت ہی بری جگہ ہے۔‘‘
اس سے معلوم ہوا کہ دو مقاصد کیلئے میدان ِ جنگ سے پیٹھ پھیرکر بھاگنا جائز ہے۔ایک یہ کہ جنگی چال چلتے ہوئے دشمن کو دھوکے میں ڈالنے کی غرض سے ایک طرف پھرنا اور پھر اچانک پلٹ کر حملہ کرکے اسے زیادہ نقصان
[1] النساء4 :6
[2] النساء4 :6
[3] الأنفال8 :15
[4] الأنفال8 :16