کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 261
لہٰذا اگر ہم بھی نجات چاہتے ہیں تو اپنی زبانوں کو بے ہودہ، نا حق اور فضول گفتگو سے خاموش رکھیں۔ ’زبان ‘ کا معاملہ اِس قدر سنجیدہ ہے کہ اگر کوئی شخص رات کو تہجد پڑھتا ہو اور دن کو روزہ رکھتا ہو، اس کے علاوہ وہ دیگر نیک اعمال بھی انجام دیتا ہو، لیکن اس کی زبان سے لوگ محفوظ نہ ہوں تو اس میں کوئی خیر نہیں ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بتایا گیا کہ فلاں عورت رات کو قیام کرتی اور دن کو روزہ رکھتی ہے۔اِس کے علاوہ اور کئی نیک کام اور صدقہ وغیرہ بھی کرتی ہے۔لیکن اس کے ساتھ ساتھ اپنی زبان کے ساتھ اپنے پڑوسیوں کو ایذاء بھی پہنچاتی ہے۔ تو رسو ل اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ( لَا خَیْرَ فِیْہَا، ہِیَ مِنْ أَہْلِ النَّارِ ) ’’ اس میں کوئی خیر نہیں ہے۔وہ جہنم والوں میں سے ہے۔‘‘ پھر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بتایا کہ فلاں عورت فرض نمازیں پڑھتی ہے، پنیر کے ٹکڑوں ساتھ صدقہ کرتی ہے اور کسی کو ایذاء نہیں پہنچاتی۔تو رسو ل اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ( ہِیَ مِنْ أَہْلِ الْجَنَّۃِ ) ’’ وہ جنت والوں میں سے ہے۔‘‘[1] اِس حدیث میں ذرا غور کریں کہ ایک عورت بہت زیادہ نیکیاں کرنے کے باوجود جہنم میں چلی گئی، وجہ کیا بنی؟ اس کی زبان۔اور دوسری عورت کم نیکیاں کرکے جنت میں چلی گئی، اس کی اہم وجہ کیا بنی ؟ یہی کہ اس نے اپنی زبان سے کسی کو ایذاء نہیں پہنچائی۔اور حقیقت میں سچا مسلمان ہوتا ہی وہی ہے جس کی زبان اور اس کے ہاتھوں سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ( اَلْمُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُوْنَ مِن لِّسَانِہٖ وَیَدِہٖ، وَالْمُہَاجِرُ مَنْ ہَجَرَ مَا نَہَی اللّٰہُ عَنْہُ) [2] ’’ مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور اس کے ہاتھ سے دیگر مسلمان محفوظ رہیں۔اور مہاجر وہ ہے جو ہر اس چیز کو چھوڑ دے جس سے اللہ تعالی نے منع کیا ہے۔‘‘ محترم بھائیو اور بزرگو ! یاد رکھیں کہ ’ زبان ‘ کی کارستانیاں ہی لوگوں کو اوندھے منہ جہنم میں گرائیں گی۔والعیاذ باللہ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں ایک سفر میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا، ایک دن میں
[1] رواہ البخاری فی الأدب المفرد وصححہ الألبانی فی السلسلۃ الصحیحۃ :190 [2] صحیح البخاری :10