کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 239
اور اس کا مصداق اللہ تعالی کا یہ فرمان بھی ہے : ﴿ فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ مَّا أُخْفِیَ لَہُمْ مِّنْ قُرَّۃِ أَعْیُنٍ ﴾ ’’کسی جان کو نہیں معلوم کہ ان کیلئے آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچانے والی کونسی نعمتیں چھپا کر رکھی گئی ہیں۔‘‘[1] اور جو شخص جنت میں سب سے آخر میں داخل ہوگا، اسے کیسی جنت ملے گی ؟ آئیے اِس حدیث سے معلوم کرتے ہیں : حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’ جنت میں داخل ہونے والا سب سے آخر ی شخص وہ ہو گا جو اس حالت میں آئے گا کہ کبھی چلے گا اور کبھی گر پڑے گا۔کبھی آگ اسے تھپیڑے مارے گی اورجب وہ اسے ( آگ کو) عبور کر جائے گا تو پیچھے مڑ کر دیکھے گا اور کہے گا : بابرکت ہے وہ ذات جس نے مجھے تجھ سے نجات دے دی ہے۔یقینا اللہ نے مجھے وہ چیز عطا کردی ہے جو اس نے پہلوں اور پچھلوں میں سے کسی کو عطا نہیں کی۔پھر ایک درخت اس کے سامنے بلند کیا جائے گا تو وہ کہے گا : اے میرے رب ! مجھے اس درخت کے قریب کردے تاکہ میں اس کے سائے میں چلا جاؤں اور اس کے (قریب بہتے ہوئے ) پانی سے پیاس بجھا سکوں۔ اللہ تعالی کہے گا : اے ابن ِ آدم ! اگر میں تیرا یہ سوال پورا کردوں تو شاید تو پھر کوئی اور سوال بھی کرے گا ؟ وہ کہے گا : نہیں اے میرے رب۔پھر وہ اللہ تعالی سے وعدہ کرے گا کہ وہ کوئی اور سوال نہیں کرے گا۔اللہ تعالی بھی اسے معذور سمجھے گا کیونکہ وہ ایک ایسی چیز کو دیکھ رہا ہو گا جس سے صبر کرنا اس کے بس میں نہیں ہو گا۔چنانچہ اللہ تعالی اسے اس درخت کے قریب کردے گا۔تو وہ اس کے سائے میں چلا جائے گا اور اس کے پانی سے پیاس بجھائے گا۔ پھر ایک اور درخت اس کے سامنے بلند کیا جائے گا جو پہلے درخت سے زیادہ اچھا ہو گا۔وہ کہے گا : اے میرے رب ! مجھے اس درخت کے قریب کردے تاکہ میں اس کے سائے میں چلا جاؤں اور اس کے ( قریب بہتا ہوا ) پانی پی سکوں، اس کے بعد تجھ سے کوئی اورسوال نہیں کروں گا۔ اللہ تعالی کہے گا : اے ابن ِ آدم ! کیا تو نے مجھ سے وعدہ نہیں کیا تھا کہ تو کوئی اور سوال نہیں کرے گا ؟ پھر کہے گا : اگر میں تیرا یہ سوال بھی پورا کردوں تو شاید تو پھر کوئی اور سوال بھی کرے گا؟ وہ اللہ تعالی سے وعدہ کرے گا کہ وہ کوئی اور سوال نہیں کرے گا۔اللہ تعالی بھی اسے معذور سمجھے گا کیونکہ وہ ایک ایسی چیز کو دیکھ رہا ہو گا جس سے صبر کرنا اس کے بس میں نہیں ہو گا۔چنانچہ اللہ تعالی اسے اس درخت کے قریب کردے گا۔تو وہ اس کے سائے میں چلا جائے گا اور اس کے پانی سے پیئے گا۔
[1] صحیح مسلم۔کتاب الایمان باب آخر أہل النار خروجا:187