کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 200
کے متعلق کیا کہتے ہیں ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :(( اَلْحَمْوُ الْمَوْتُ )) ’’ دیور( یا کزن وغیرہ ) موت ہے۔‘‘[1] اس حدیث میں ذرا غور کریں کہ جب دیور ( یا کزن وغیرہ ) اپنی بھابھی کیلئے موت ہے تو عام مرد وعورت کا آپس میں اختلاط کتنا خطرناک ہو سکتا ہے ! 8۔غیر محرم عورتوں سے مصافحہ کرنا با حیاء خواتین ہرگز یہ برداشت نہیں کرتیں کہ وہ کسی غیر محرم مرد سے مصافحہ کریں۔اسی طرح حیا دار مرد اِس بات کو گوارا نہیں کرتے کہ وہ غیر محرم عورتوں سے مصافحہ کریں۔لیکن آج کل ہم دیکھتے ہیں کہ بہت ساری خواتین بلا جھجک غیر محرم مردوں سے مصافحہ کرتی ہیں۔اور بہت سارے مرد غیر محرم خواتین سے مصافحہ کرتے ہیں۔یقینا یہ بھی بے حیائی کے زمرے میں آتا ہے۔کیونکہ حضرت معقل بن یسار رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( لَأَنْ یُّطْعَنَ فِی رَأْسِ أَحَدِکُمْ بِمِخْیَطٍ مِنْ حَدِیْدٍ خَیْرٌ لَّہُ مِنْ أَنْ یَّمَسَّ امْرَأَۃً لَا تَحِلُّ لَہُ)) [2] ’’ تم میں سے کسی ایک کے سر میں لوہے کی سوئی کو چبھویا جائے تو یہ اُس کیلئے اِس سے بہتر ہے کہ وہ اُس عورت کو ہاتھ لگائے جو اُس کیلئے حلال نہیں۔‘‘ 9۔مردوں کی عورتوں سے مشابہت اور عورتوں کی مردوں سے مشابہت آج کل ہمارے معاشرے میں بہت سارے مرد پوری بے شرمی کے ساتھ اپنی وضع قطع اور لباس وغیرہ میں عورتوں سے مشابہت کرتے ہیں۔اور اسی طرح بہت ساری خواتین بھی اپنی وضع قطع اور لباس وغیرہ میں مردوں سے مشابہت کرتی ہیں۔ جبکہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ (( لَعَنَ رَسُولُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم الْمُتَشَبِّہِیْنَ مِنَ الرِّجَالِ بِالنِّسَائِ،وَالْمُتَشَبِّہَاتِ مِنَ النِّسَائِ بِالرِّجَالِ)) [3] ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان مردوں پر لعنت بھیجی جو عورتوں سے مشابہت اختیار کرتے ہیں اور ان عورتوں پر لعنت بھیجی جو مردوں سے مشابہت اختیار کرتی ہیں۔‘‘
[1] صحیح البخاری۔النکاح باب لا یخلون رجل بامرأۃ۔5232،صحیح مسلم۔الأدب۔2083 [2] السلسلۃ الصحیحۃ للألبانی : 226 [3] صحیح البخاری : 5885