کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 194
لہذا ان تمام باتوں اور تمام کاموں سے بچنا ضروری ہے جن میں بے حیائی کا کوئی پہلو پایا جاتا ہو۔بچنا ہی ضروری نہیں بلکہ ان کے قریب جانا بھی ممنوع ہے۔ اللہ تعالی کافرمان ہے :﴿ وَ لَا تَقْرَبُوا الْفَوَاحِشَ مَا ظَھَرَ مِنْھَا وَ مَا بَطَنَ﴾ [1] ’’ اور تم ان اقوال وافعال کے قریب بھی نہ جاؤ جن میں بے حیائی پائی جاتی ہو، چاہے وہ ظاہر ہوں یا چھپے ہوئے ہوں۔‘‘ جبکہ ہمارے معاشرے کے اندر بے حیائی کے بے شمار مظاہر اور اس کی ان گنت شکلیں موجود ہیں، ہم ان میں سے بعض کی نشاندہی کرتے ہیں۔ 1۔میڈیا اور ذرائع ابلاغ میں فحاشی، بے حیائی اور عریانی کے شرمناک مناظر میڈیا،چاہے الیکٹرانک میڈیا ہو یا پرنٹ میڈیا ہو، یا سوشل میڈیا ہو، اس کے ذریعے بے حیائی اور عریانی کے طوفان نے ہمارے معاشرے کو بری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ٹی وی چینلز پر دکھائے جائے والے ڈرامے ہوں یا فلمیں ہوں، ٹاک شوز ہوں یا نیوز پروگرامز ہوں، ان سب میں فحاشی اور عریانی ہر شخص کو نظر آتی ہے……حتی کہ دین کے نام پر ہونے والے پروگراموں میں بھی بے حیائی نمایاں طور پر نظر آتی ہے۔بلکہ اب تو نوبت اس حد تک پہنچ گئی ہے کہ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے وقت پیش کئے جانے والے پروگراموں میں بھی بے حیائی خوب چھلک رہی ہوتی ہے اور شرم وحیا کا منہ چڑا رہی ہوتی ہے۔خاص طور پر وقفوں میں جو کمرشل اشتہارات چلائے جاتے ہیں ان میں معنی خیز الفاظ استعمال کئے جاتے ہیں، نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کا ننگا ناچ دکھایا جاتا ہے اور اس کے ذریعے جذبات کو بھڑکایا اور شہوات کو برانگیختہ کیا جاتا ہے۔ وہ لوگ جو میڈیاکے ذریعے اِس بے حیائی، عریانی اور فحاشی کو پھیلا رہے ہیں، انہی کے بارے میں اللہ تعالی فرماتا ہے : ﴿ اِِنَّ الَّذِیْنَ یُحِبُّونَ اَنْ تَشِیعَ الْفَاحِشَۃُ فِی الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَہُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ وَاللّٰہُ یَعْلَمُ وَاَنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ ﴾ [2] ’’جو لوگ یہ چاہتے ہیں کہ ایمان والوں میں بے حیائی کی اشاعت ہو، ان کیلئے دنیا میں بھی المناک عذاب ہے اور آخرت میں بھی۔اور ( اس کے نتائج کو ) اللہ تعالی ہی جانتا ہے، تم نہیں جانتے۔‘‘ دین وایمان کی سلامتی کیلئے ضروری ہے کہ بے حیائی، فحاشی اور عریانی کے ان مناظر کو نہ دیکھا جائے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے : ﴿ قُلْ لِّلْمُؤمِنِیْنَ یَغُضُّوا مِنْ اَبْصَارِہِمْ وَیَحْفَظُوا فُرُوْجَہُمْ ذٰلِکَ
[1] الأنعام6 :151 [2] النور24 :19