کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 155
تکبر کی انواع واقسام محترم سامعین ! تکبر کی تین انواع واقسام ہیں : 1۔اللہ تعالی پر تکبر کرنا۔جیسا کہ فرعون اور نمرود نے اللہ تعالی پر تکبر کیا، یعنی اپنے آپ کو اللہ تعالی سے بڑا جانا اور اس کے احکامات کو ماننے سے انکار کیا۔ 2۔رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر تکبر کرنا۔جیسا کہ کفار مکہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر تکبر کیا اور اپنے آپ کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بہتر گردانا اور آپ کی دعوت کو ماننے سے انکار کیا۔ اورحضرت سلمہ بن الاکوع رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اپنے بائیں ہاتھ کے ساتھ کھانا کھانے لگا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( کُلْ بِیَمِیْنِکَ )) ’’ اپنے دائیں ہاتھ کے ساتھ کھاؤ۔‘‘ تو اس نے کہا : ((لَا أَسْتَطِیْعُ )) ’’ میں طاقت نہیں رکھتا۔‘‘ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( لَا اسْتَطَعْتَ، مَا مَنَعَہُ إِلَّا الْکِبْرُ)) ’’ تو کبھی طاقت نہ رکھے۔اسے صرف تکبر نے ہی میری بات ماننے سے منع کیا ہے۔‘‘ چنانچہ وہ اس کے بعد اپنا دایاں ہاتھ اپنے منہ کی طرف کبھی نہ اٹھا سکا۔[1] 3۔اللہ کے بندوں پر تکبر کرنا، یعنی اپنے آپ کو ان سے بہتر تصور کرنا اور انھیں حقیر سمجھنا۔ اور جو شخص اللہ کے بندوں پر تکبر کرتا ہے، وہ ایسا کیوں کرتا ہے ؟ اس کے کئی اسباب ہو سکتے ہیں۔ چنانچہ بعض لوگ رنگ ونسل اور خاندان کی بناء پر تکبر کرتے ہیں۔ اور بعض لوگ جاہ ومنصب کی بناء پر تکبر کرتے ہیں۔ اور بعض لوگ مال ودولت کی بناء پر تکبر کرتے ہیں۔ اور بعض لوگ حسن وجمال کی بناء پر تکبر کرتے ہیں۔ اور بعض لوگ طاقت وقوت کی بناء پر تکبر کرتے ہیں۔ اور بعض لوگ ذہانت وفطانت کی بناء پر تکبر کرتے ہیں۔ اور بعض لوگ علم وبصیرت کی بناء پر تکبر کرتے ہیں۔ اور بعض لوگ اعلی ڈگری کی بناء پر تکبر کرتے ہیں۔ اور بعض لوگ اچھی خطابت کی بناء پر تکبر کرتے ہیں۔
[1] صحیح مسلم : 2021