کتاب: زاد الخطیب (جلد4) - صفحہ 112
’’ ہم ذلیل ترین قوم تھے، پھر اللہ تعالی نے ہمیں اِس دین ( اسلام ) کے ذریعے عزت بخشی، چنانچہ اس کو چھوڑ کر ہم جہاں سے بھی عزت کے طلبگار ہونگے، اللہ تعالی ہمیں ذلیل کرکے چھوڑے گا۔‘‘ یہی وجہ ہے کہ یہود ونصاری کو یہ اعلی مرتبہ حاصل نہیں ہو سکا۔اور چونکہ انھوں نے دین اسلام کو قبول نہیں کیا اس لئے اللہ تعالی نے یہود کو ’ مغضوب علیہم ‘قرار دیا ( یعنی جن پر غضب کیا گیا اور ان پر ذلت ورسوائی کو مسلط کردیا گیا ) اور نصاری کو ’ضالین ‘( یعنی گمراہ قوم ) قرار دیا۔ یہود ونصاری نے دعوی کیا تھا کہ وہ اللہ کے بیٹے اور چہیتے لوگ ہیں اور سب سے افضل امت ہیں، لیکن اللہ تعالی نے ان کے اس دعوے کو ٹھکرا دیا۔ اللہ تعالی کا فرما ن ہے : ﴿ وَ قَالَتِ الْیَھُوْدُ وَ النَّصٰرٰی نَحْنُ اَبْنٰٓؤُا اللّٰہِ وَ اَحِبَّآؤُہٗ قُلْ فَلِمَ یُعَذِّبُکُمْ بِذُنُوْبِکُمْ بَلْ اَنْتُمْ بَشَرٌ مِّمَّنْ خَلَقَ یَغْفِرُ لِمَنْ یَّشَآئُ وَ یُعَذِّبُ مَنْ یَّشَآئُ وَ لِلّٰہِ مُلْکُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ وَ مَا بَیْنَھُمَا وَ اِلَیْہِ الْمَصِیْرُ ﴾[1] ’’ اور یہود ونصاری نے کہا : ہم اللہ کے بیٹے اور اس کے چہیتے ہیں ! آپ کہہ دیجئے کہ اگر یہ بات ہے تو پھر وہ تمھیں تمھارے گناہوں کی وجہ سے عذاب کیوں دیتا ہے ؟ بلکہ ( حقیقت یہ ہے کہ ) تم اس کی مخلوق میں سے عام انسان ہو۔وہ جسے چاہتا ہے معاف کردیتا ہے اور جسے چاہتا ہے سزا دیتا ہے۔اور آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان دونوں میں ہے، سب کا مالک اللہ ہی ہے۔اور اسی کی طرف سب کو جاناہے۔‘‘ آئیے اب اِس امت محمدیہ کی خصوصیات قرآن وحدیث کی روشنی میں ذکر کرتے ہیں، جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ امت دیگر امتوں سے افضل ترین امت ہے۔ 1۔مکمل دین اِس امت کی بہت بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اِس کا دین مکمل ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:﴿اَلْیَوْمَ أَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَیْْکُمْ نِعْمَتِیْ وَرَضِیْتُ لَکُمُ الإِسْلَامَ دِیْنًا﴾[2] ’’ آج میں نے تمھارے لئے تمھارا دین مکمل کردیااور اپنی نعمت تم پر پوری کردی۔اور اسلام کو بحیثیت دین تمھارے لئے پسند کرلیا۔‘‘ دین کو مکمل کرنا اس امت پر اللہ رب العزت کا بہت بڑا احسان ہے، ورنہ اگر اللہ تعالی اسے نامکمل چھوڑ دیتا
[1] المائدۃ5 :18 [2] المائدۃ5 : 3