کتاب: زاد الخطیب (جلد3) - صفحہ 14
’’ بے شک دین(برحق)اللہ تعالی کے نزدیک اسلام ہی ہے۔‘‘[1]
’اسلام ‘ اللہ تعالی کا پسندیدہ دین ہے جیساکہ اس کا فرمان ہے:﴿اَلْیَوْمَ اَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَ اَتْمَمْتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِیْ وَ رَضِیْتُ لَکُمُ الْاِسْلَامَ دِیْنًا ﴾
’’ آج میں نے تمھارے لئے تمھارا دین مکمل کردیااور اپنی نعمت تم پر پوری کردی۔اور اسلام کو بحیثیت دین تمھارے لئے پسند کرلیا۔‘‘[2]
اس لئے جو شخص اسلام کے علاوہ کسی اور دین کا پیروکار ہو اس کا دین اللہ تعالی کے ہاں قابل قبول نہیں ہے۔
اللہ تعالی فرماتے ہیں:﴿ وَ مَنْ یَّبْتَغِ غَیْرَ الْاِسْلَامِ دِیْنًا فَلَنْ یُّقْبَلَ مِنْہُ وَ ھُوَ فِی الْاٰخِرَۃِ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ ﴾
’’ اور جو شخص اسلام کے سوا کسی اور دین کا طلبگار ہو تواس سے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا اور وہ آخرت میں نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو گا۔‘‘[3]
2۔اسلام تمام انبیائے کرام علیہم السلام کا دین ہے۔
حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم تک تمام انبیائے کرام علیہم السلام ایک ہی دین کے ساتھ مبعوث کئے گئے اور وہ ہے دین اسلام۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے:﴿شَرَعَ لَکُمَ مِّنْ الدِّیْنِ مَا وَصّٰی بِہٖ نُوْحًا وَّالَّذِیْٓ اَوْحَیْنَا اِِلَیْکَ وَمَا وَصَّیْنَا بِہٖٓ اِِبْرٰہِیْمَ وَمُوْسٰی وَعِیْسٰٓی اَنْ اَقِیْمُوْا الدِّیْنَ وَلاَ تَتَفَرَّقُوْا فِیْہِ ﴾
’’ اس نے تمھارے لئے وہی دین مقرر کیا ہے جس کا حکم اس نے نوح علیہ السلام کو دیاتھا اور جو ہم نے آپ کو بذریعۂ وحی دیا ہے اور جس کا حکم ہم نے ابراہیم علیہ السلام ، موسی علیہ السلام اور عیسی علیہ السلام کو دیا تھا۔اور سب سے کہا تھا کہ تم دین کو قائم رکھنا اور اس میں تفرقہ نہ ڈالنا۔‘‘[4]
اِس آیت کریمہ میں الو العزم پیغمبروں کا ذکر کیا گیا ہے اور سب سے افضل پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو آگاہ کیا گیا ہے کہ جو دین آپ پر بذریعۂ وحی اتارا گیا ہے اُسی دین کا حکم ان پیغمبروں کو بھی دیا گیا۔اور سب کو یہی کہا گیا کہ دینِ اسلام کو قائم رکھنا اور اس میں گروہ بندی اور فرقہ بازی سے بچنا۔
اسی طرح اللہ تعالی ملت ِ ابراہیمی کے بارے میں فرماتا ہے:
﴿ وَ مَنْ یَّرْغَبُ عَنْ مِّلَّۃِ اِبْرٰھٖمَ اِلَّا مَنْ سَفِہَ نَفْسَہٗ وَلَقَدِ اصْطَفَیْنٰہُ فِی الدُّنْیَا وَ اِنَّہٗ فِی الْاٰخِرَۃِ لَمِنَ الصّٰلِحِیْنَ ٭ اِذْ قَالَ لَہٗ رَبُّہٗٓ اَسْلِمْ قَالَ اَسْلَمْتُ لِرَبِّ الْعٰلَمِیْنَ ٭ وَ وَصّٰی بِھَآ اِبْرٰھٖمُ بَنِیْہِ وَ یَعْقُوْبُ یٰبَنِیَّ اِنَّ
[1] [ آل عمران:۱۹ ]
[2] [ المائدۃ:۳ ]
[3] [ آل عمران:۸۵]
[4] [ الشوری:۱۳ ]