کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 56
اِسلامی بھائی چارہ
اہم عناصر خطبہ :
1۔ اخوت وبھائی چارے کی اہمیت 2۔ مسلمانوں کے باہمی حقوق
3۔ باہمی تعلقات کو بگاڑنے والے امور
برادران اسلام! تمام مسلمان بھائی بھائی ہیں ، ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور آپس میں ہمدردی کے جذبات رکھتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ تمام مومنوں کو بھائی بھائی قرار دیتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے :
﴿ إِنَّمَا الْمُؤْمِنُوْنَ إِخْوَۃٌ﴾[1]
اور مومنوں کے آپس کے تعلقات کی نوعیت کیا ہونی چاہئے؟اس کے بارے میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :
﴿وَالْمُؤْمِنُونَ وَالْمُؤْمِنَاتُ بَعْضُہُمْ أَوْلِیَائُ بَعْضٍ یَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَیَنْہَوْنَ عَنِ الْمُنکَرِ وَیُقِیْمُونَ الصَّلاَۃَ وَیُؤْتُونَ الزَّکَاۃَ وَیُطِیْعُونَ اللّٰہَ وَرَسُولَہُ أُوْلَئِکَ سَیَرْحَمُہُمُ اللّٰہُ إِنَّ اللّٰہَ عَزِیْزٌ حَکِیْمٌ﴾[2]
’’ مومن مرد اور مومنہ عورتیں ایک دوسرے کے ( مدد گار ومعاون اور ) دوست ہوتے ہیں ، نیکی کا حکم دیتے اور برائی سے منع کرتے ہیں ۔ نماز قائم کرتے ، زکاۃ اداکرتے اور اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرتے ہیں۔یہی وہ لوگ ہیں جن پر اللہ تعالیٰ رحم کرے گا ۔ بے شک اللہ تعالیٰ غالب ، حکمتوں والا ہے۔ ‘‘
اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے تمام مومنوں کو ایک دوسرے کا مدد گار ومعاون،دوست اور ہمدرد قرار دیا ہے اور وہ اپنے اسی تعلق کی بناء پر ایک دوسرے سے خیر خواہی کرتے ہوئے باہم نیکی کی تلقین کرتے اور برائی سے روکتے ہیں،پانچ وقتی نمازجو اللہ تعالیٰ کا اہم یومیہ فریضہ ہے اسے مل کر ادا کرتے ہیں اوران میں سے جو مالدار ہوتے ہیں وہ اپنے غریب بھائیوں کو زکاۃ دے کر انھیں اپنی خوشیوں میں شریک کرتے ہیں اور ان کی باہمی اجتماعی زندگی کا اہم شعار اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت وفرمانبرداری ہے ، وہ اللہ کے حکم پر اکٹھے ہوتے اور اللہ کے حکم پر ہی علیحدہ ہوتے ہیں ۔ وہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں سر شار ہو کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے والے اور آپ کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے والے ہر مسلمان سے محبت کرتے ہیں اور جو لوگ یہ طرز عمل اختیار
[1] الحجرات49 :10
[2] التوبۃ9 :71