کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 55
صورتوں سے اپنا دامن محفوظ رکھیں بلکہ لوگوں کو بھی ڈرائیں کہ وہ ان سے بچے رہیں۔ اور جس روز ہماری اﷲ تعالیٰ سے ملاقات ہو تو اس حالت میں ہو کہ ہمارے دامن شرک کے داغ دھبوں سے پاک ہوں ۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیثِ قدسی میں ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے فرمایا : (( یَاابْنَ آدَمَ ! إِنَّکَ مَا دَعَوْتَنِیْ وَرَجَوْتَنِیْ غَفَرْتُ لَکَ عَلٰی مَا کَانَ فِیْکَ وَلَا أُبَالِیْ ، یَاابْنَ آدَمَ ! لَوْ بَلَغَتْ ذُنُوْبُکَ عَنَانَ السَّمَائِ ثُمَّ اسْتَغْفَرْتَنِیْ غَفَرْتُ لَکَ وَ لَا أُبَالِیْ ، بَا ابْنَ آدَمَ ! إِنَّکَ لَوْ أَتَیْتَنِیْ بِقُرَابِ الْأرْضِ خَطَایَا ثُمَّ لَقِیْتَنِیْ لَا تُشْرِکُ بِیْ شَیْئًا لَأتَیْتُکَ بِقُرَابِہَا مَغْفِرَۃً )) [1] ’’ اے ابن آدم ! اگر تو صرف مجھے پکارتا رہے اور تمام امیدیں مجھ سے وابستہ رکھے تو میں تمہیں معاف کرتا رہوں گا خواہ تم سے جو بھی گناہ سرزد ہوا ہو اور میں کوئی پرواہ نہیں کروں گا ۔ اور اگر تیرے گناہ آسمان تک پہنچ جائیں ، پھر تم مجھ سے معافی طلب کر لو تو میں تمھیں معاف کردونگا اورمیں کوئی پرواہ نہیں کرونگا ۔ اور اگر تو میرے پاس زمین کے برابر گناہ لیکر آئے ، پھر تمهاری مجھ سے ملاقات اس حالت میں ہو کہ تم میرے ساتھ کسی کو شریک نہیں بناتے تھے تو میں زمین کے برابر تجھے مغفرت سے نوازوں گا۔ ‘‘ چھوٹے بڑے شرک سے بچنے کی دعا شرک کی تمام صورتوں سے بچنے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ سے دعا بھی کرتے رہنا چاہئے کہ وہ ہمیں شرک کی غلاظتوں سے محفوظ رکھے اور ہمارا خاتمہ توحید پر فرمائے ۔ حضرت ابو بکر الصدیق رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( اَلشِّرْکُ فِیْکُمْ أَخْفٰی مِنْ دَبِیْبِ النَّمْلِ ، وَسَأَدُلُّکَ عَلیٰ شَیْئٍ إِذَا فَعَلْتَہُ أَذْہَبَ عَنْکَ صِغَارَ الشِّرْکِ وَکِبَارَہُ ، تَقُوْلُ : اَللّٰہُمَّ إِنِّیْ أَعُوْذُ بِکَ أَنْ أُشْرِکَ بِکَ وَأَنَا أَعْلَمُ،وَأَسْتَغْفِرُکَ لِمَا لَا أَعْلَمُ )) [2] ’’ تم میں شرک چیونٹی کی چال سے بھی زیادہ مخفی ہو گااور میں تمھیں ایک ایسی دعا بتاتا ہوں کہ اگر تم اسے پڑھتے رہے تو اللہ تعالیٰ تم سے چھوٹے بڑے شرک کو دورکر دے گا۔ تم یہ دعا پڑھنا: (( اَللّٰہُمَّ إِنِّیْ أَعُوْذُ بِکَ أَنْ أُشْرِکَ بِکَ وَأَنَا أَعْلَمُ وَأَسْتَغْفِرُکَ لِمَا لَا أَعْلَمُ)) اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں شرک سے محفوظ رکھے اور ہمیں توحید پر استقامت دے۔
[1] سنن الترمذی :3540۔ وصححہ الألبانی [2] صحیح الجامع للألبانی :3731