کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 512
کا عذاب چمٹ جانے والا ہے ۔ بے شک وہ ٹھہرنے اور رہنے کے لحاظ سے بد ترین جگہ ہے ۔‘‘
اور حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو یہ دعا اِس طرح سکھلاتے تھے جیسا کہ انھیں قرآن مجید کی ایک سورت سکھلاتے تھے :
(( اَللّٰہُمَّ إِنِّیْ أَعُوْذُ بِکَ مِنْ عَذَابِ جَہَنَّمَ،وَأَعُوْذُ بِکَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ، وَأَعُوْذُ بِکَ مِنْ فِتْنَۃِ الْمَسِیْحِ الدَّجَّالِ،وَأَعُوْذُ بِکَ مِنْ فِتْنَۃِ الْمَحْیَا وَالْمَمَاتِ))
’’اے اللہ ! میں جہنم کے عذاب سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔ قبر کے عذاب سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔ مسیحِ دجال کے فتنہ سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔ اور زندگی اور موت کے فتنہ سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔‘‘[1]
اسی طرح حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اکثر وبیشتر یہ دعا مانگتے تھے:
﴿رَبَّنَا آتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَۃً وَّفِی الْآخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ﴾
’’ اے ہمارے پروردگار ! ہمیں دنیا میں اچھائی عطا کر اور آخرت میں بھلائی دے۔اور ہمیں عذابِ جہنم سے بچا ۔‘‘[2]
اسی طرح حضرت انس رضی اللہ عنہ ہی بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
(( مَنْ سَأَلَ اللّٰہَ الْجَنَّۃَ ثَلاَثَ مَرَّاتٍ ، قَالَتِ الْجَنَّۃُ : اَللّٰہُمَّ أَدْخِلْہُ الْجَنَّۃَ ، وَمَنِ اسْتَجَارَ مِنَ النَّارِ ثَلَاثَ مَرَّاتٍ ،قَالَتِ النَّارُ : اَللّٰہُمَّ أَجِرْہُ مِنَ النَّارِ[3]))
’’ جو شخص اللہ تعالیٰ سے تین مرتبہ جنت کا سوال کرے توجنت کہتی ہے : اے اللہ ! اسے جنت میں داخل کردے ۔ اور جو آدمی جہنم سے تین مرتبہ پناہ طلب کرے توجہنم کہتی ہے : اے اللہ ! اسے جہنم سے پناہ دے ۔‘‘
جب جہنم کے عذاب سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرنا اللہ کے بندوں کی ایک صفت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو بھی اسی بات کی تعلیم دی ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود بھی اکثر وبیشتر اس سے پناہ طلب کرتے تھے تو پھر ہمیں بالاولی جہنم کے عذاب سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرنی چاہئے۔
(۲) جہنم سے ڈرانا
قرآن مجید اور احادیث نبویہ میں جہنم اور اس کے عذاب سے بار بار ڈرایا گیا ہے تاکہ اللہ کے بندے اس سے ڈرتے رہیں ، استقامت کے ساتھ صراط مستقیم پر گامزن رہیں اور اپنا دامن اللہ کی نافرمانی سے محفوظ رکھیں ۔
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
[1] صحیح مسلم :590
[2] صحیح البخاری:6389
[3] صحیح الجامع :6275