کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 507
’’ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : میں نے اپنے نیک بندوں کیلئے ایسی نعمتیں تیار کی ہیں جنہیں نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے ، نہ کسی کان نے ان کے بارے میں کچھ سنا ہے اور نہ ہی کسی انسان کے دل میں ان کے متعلق کوئی تصور پیدا ہوا ہے ۔ ‘‘
(۲۱) جنت میں موت نہیں آئے گی
حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ اورحضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(( إِذَا دَخَلَ أَہْلُ الْجَنَّۃِ الْجَنَّۃَ یُنَادِیْ مُنَادٍ:إِنَّ لَکُمْ أَنْ تَحْیَوْا فَلَا تَمُوْتُوْا أَبَدًا،وَإِنَّ لَکُمْ أَنْ تَصِحُّوْا فَلَا تَسْقَمُوْا أَبَدًا،وَإِنَّ لَکُمْ أَنْ تَشِبُّوْا فَلَا تَہْرَمُوْا أَبَدًا،وَإِنَّ لَکُمْ أَنْ تَنْعَمُوْا فَلَا تَبْأَسُوْا أَبَدًا)) [1]
’’ جب جنت والے جنت میں چلے جائیں گے تو ایک اعلان کرنے والا پکار کر کہے گا : تمھیں یہ حق حاصل ہے کہ تم زندہ رہو گے ، تم پر موت کبھی نہیں آئے گی۔ اور یہ بھی کہ تم تندرست رہو گے ، کبھی بیمار نہیں ہو گے ۔ اسی طرح تم جوان رہو گے ، کبھی بوڑھے نہیں ہو گے ۔ نیز تم خوشحال رہو گے ، کبھی بد حال نہیں ہو گے ۔ ‘‘
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو جنت کے وارثوں میں سے بنائے ۔ آمین
دوسرا خطبہ
عزیزان گرامی ! جنت کے اوصاف معلوم کرنے کے بعداب سوال یہ ہے کہ اس قدر عظیم الشان جنت اور اس کی نعمتوں تک پہنچانے والا راستہ کون سا ہے ؟ اور ہم کیسے وہاں تک پہنچ سکتے ہیں ؟ اور وہ کون خوش نصیب ہیں جو اس جنت میں داخل ہو نگے ؟ ( اللہ تعالیٰ ہم سب کو جنت الفردوس کے وارثوں میں سے بنائے ۔) آئیے وہ راستہ معلوم کریں کہ جس پر چلتے ہوئے ہم ان شاء اللہ تعالیٰ ایک دن ضرور اس جنت میں پہنچ جائیں گے۔
جنت کا راستہ
جنت کا راستہ انتہائی آسان اور بہت ہی روشن ہے ۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اوراحادیثِ مبارکہ میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے واضح طور پر بیان کردیا ہے ۔ تو لیجئے چند آیاتِ قرآنیہ اور احادیثِ نبویہ سماعت کیجئے جن میں جنت
[1] صحیح مسلم :2837