کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 492
کی قدر کی گئی ۔ ‘‘ محترم حضرات ! اب تک ہم نے جتنی آیاتِ قرآنیہ ذکر کی ہیں ان سب میں اللہ تعالیٰ نے اپنی جنت کی تعریف کی ہے اور اہلِ جنت کے اوصاف بیان فرمائے ہیں ۔اور اِس بات کو واضح کردیا ہے کہ اُس نے جنت ایمان والوں ، نیک عمل کرنے والوں ، پرہیز گاروں اور اُس کی نافرمانی سے بچنے والوں کیلئے پیدا کی ہے۔لہٰذا ہم سب کو اِن صفات کا حامل ہونا چاہئے ۔ (۲) جنت کے اوصاف احادیث ِ نبویہ میں (۱) جنت میں سب سے پہلے داخل ہو نے والا شخص حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( آتِیْ بَابَ الْجَنَّۃِ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ فَأَسْتَفْتِحُ،فَیَقُوْلُ الْخَازِنُ:مَنْ أَنْتَ؟ فَأَقُوْلُ: مُحَمَّد،فَیَقُوْلُ : بِکَ أُمِرْتُ،لَا أَفْتَحُ لِأَحَدٍ قَبْلَکَ[1])) ’’ میں قیامت کے روز جنت کے دروازے پر آؤں گا ۔ پھر میں دروازہ کھولنے کا مطالبہ کروں گا تو خازن پوچھے گا : آپ کون ہیں ؟ میں کہوں گا : میں محمد ہوں۔ وہ کہے گا : مجھے آپ ہی کا حکم دیا گیا تھا کہ آپ سے پہلے کسی کیلئے جنت کا دروازہ نہ کھولوں ۔ ‘‘ اسی طرح حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( وُلْدُ آدَمَ کُلُّہُمْ تَحْتَ لِوَائِیْ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ،وَأَناَ أَوَّلُ مَن یُّفْتَحُ لَہُ بَابُ الْجَنَّۃِ[2])) ’’ قیامت کے دن آدم ( علیہ السلام ) کی تمام اولاد میرے جھنڈے تلے جمع ہو گی ۔ اور میں سب سے پہلا شخص ہوں گا جس کیلئے جنت کا دروازہ کھولا جائے گا ۔ ‘‘ (۲) جنت میں داخل ہونے والے پہلے گروہ کی صفت حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’سب سے پہلا گروہ جو جنت میں داخل ہو گا ان کی شکلیں چودھویں رات کے چاند کی مانند ہونگی ۔ پھر ان
[1] صحیح مسلم :188 [2] صحیح الجامع :6995