کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 471
﴿وَالْوَزْنُ یَوْمَئِذٍ الْحَقُّ فَمَنْ ثَقُلَتْ مَوَازِیْنُہُ فَأُوْلٰئِکَ ہُمُ الْمُفْلِحُوْنَ. وَمَنْ خَفَّتْ مَوَازِیْنُہُ فُأُوْلٰئِکَ الَّذِیْنَ خَسِرُوْا أَنْفُسَہُمْ بِمَا کَانُوْا بِآیَاتِنَا یَظْلِمُوْنَ﴾[1] ’’ اور اس روز وزن بھی برحق ہے ، پھر جس شخص کا پلا بھاری ہو گا سو ایسے لوگ کامیاب ہو نگے ۔اور جس شخص کا پلا ہلکا ہو گا سو یہ وہ لوگ ہونگے جنھوں نے اپنا نقصان کر لیا بسبب اس کے کہ ہماری آیتوں کے ساتھ ظلم کرتے تھے ۔ ‘‘ نیز فرمایا:﴿وَنَضَعُ الْمَوَازِیْنَ الْقِسْطَ لِیَوْمِ الْقِیَامَۃِ فَلاَ تُظْلَمُ نَفْسٌ شَیْئًا وَإِنْ کَانَ مِثْقَالَ حَبَّۃٍ مِّنْ خَرْدَلٍ أَتَیْنَا بِہَا وَکَفٰی بِنَا حَاسِبِیْنَ﴾[2] ’’ قیامت کے دن ہم ٹھیک ٹھیک تولنے والے ترازو رکھیں گے ، پھر کسی پر کچھ بھی ظلم نہ کیا جائے گا۔اور اگر ایک رائی کے دانے کے برابر بھی کوئی عمل ہو گا تو اسے ہم سامنے لائیں گے ۔ اور ہم حساب لینے کیلئے کافی ہیں۔ ‘‘ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ایک شخص آیا اور اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے بیٹھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا : اے اللہ کے رسول ! میرے کچھ غلام ہیں جو مجھ سے جھوٹ بولتے ہیں ، میرے مال میں خیانت کرتے ہیں اور میری نافرمانی کرتے ہیں۔ میں انھیں گالیاں دیتا ہوں اور مارتا بھی ہوں ۔ تو ان کے متعلق میرے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( یُحْسَبُ مَا خَانُوْکَ وَعَصَوْکَ وَکَذَبُوْکَ،وَعِقَابُکَ إِیَّاہُمْ،فَإِنْ کَانَ عِقَابُکَ إِیَّاہُمْ بِقَدْرِ ذُنُوْبِہِمْ کَانَ کَفَافًا،لَا لَکَ وَلَا عَلَیْکَ،وَإِنْ کَانَ عِقَابُکَ دُوْنَ ذُنُوْبِہِمْ کَانَ فَضْلًا لَکَ،وَإِنْ کَانَ عِقَابُکَ فَوْقَ ذُنُوْبِہِمْ اُقْتُصَّ لَہُمْ مِنْکَ الْفَضْلُ )) ’’ ان کی خیانت ، نافرمانی اور جو انھوں نے تجھ سے جھوٹ بولا اور جتنی تو نے انھیں سزا دی، اس سب کا حساب کیا جائے گا ۔ اگر تیری سزا ان کی غلطیوں کے بقدر ہوئی تو معاملہ برابر ہو جائے گا ۔ نہ اس سے تمہیں کوئی فائدہ ہو گا اورنہ نقصان ۔ اور اگر تیری سزا ان کی غلطیوں کے مقابلے میں کم ہوئی تو تجھے ان پر فضیلت حاصل ہو گی۔ اور اگر تیری سزا ان کی غلطیوں سے زیادہ نکلی تو تجھ سے زیادتی کا بدلہ لیا جائے گا ۔‘‘ یہ شخص ایک طرف ہو کر رونے لگا ۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’ کیا تو نے کتاب اللہ میں یہ آیت نہیں پڑھی : ﴿وَنَضَعُ الْمَوَازِیْنَ الْقِسْطَ لِیَوْمِ الْقِیَامَۃِ فَلاَ تُظْلَمُ نَفْسٌ شَیْئًا ﴾ [3]
[1] الأعراف7:9-8 [2] الأنبیاء21 :47 [3] الأنبیاء21 :47