کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 461
روز قیامت کی ہولناکیاں (۲) اہم عناصر خطبہ : ٭ سب سے پہلے کس امت کا حساب ہو گا ٭ سب سے پہلے کن اعمال کا حساب ہو گا ٭ اللہ تعالیٰ کی عدالت ِ انصاف میں مختلف گواہوں کی گواہیاں ٭ مختلف گناہوں کی سزا ٭ حوضِ کوثر ٭میزان ٭ پل صراط ٭ شفاعت ٭ دعوت فکر وعمل پہلا خطبہ برادران اسلام ! گذشتہ خطبۂ جمعہ میں ہم نے روزِ قیامت کی بعض ہولناکیاں بیان کی تھیں جبکہ آج بھی ان شاء اللہ تعالیٰ ہم اسی موضوع کو آگے بڑھائیں گے ۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ قیامت کے روز ہم سب کے حال پر رحم فرمائے اور ہمیں بغیر حساب کے جنت میں داخل کردے ۔ آمین محترم بھائیو ! روزِ قیامت کے مختلف مراحل میں ایک مرحلہ حساب وکتاب کا ہو گا اور حساب وکتاب کے متعلق ہم کچھ گذارشات تو پچھلے خطبۂ جمعہ میں عرض کر چکے ہیں ۔ اب اسی کے بارے میں چند ضروری باتیں اور بھی پیش خدمت ہیں۔ سب سے پہلے اُمت ِ محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کا حساب ہو گا حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( نَحْنُ آخِرُ الْأُمَمِ وَأَوَّلُ مَنْ یُّحَاسَبُ،یُقَالُ:أَیْنَ الْأُمَّۃُ الْأُمِّیَّۃُ وَنَبِیُّہَا؟ فَنَحْنُ الْآخِرُوْنَ الْأَوَّلُوْنَ[1])) ’’ ہم امتوں میں آخری امت ہیں لیکن حساب سب سے پہلے ہماری امت کا ہو گا ۔ کہا جائے گا : کہاں ہے اُمّی امت اور اس کا نبی ؟ تو ہم اگرچہ آخری ہیں لیکن ( روزِ قیامت ) سب سے آگے ہو نگے ۔ ‘‘ دوسری روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
[1] سنن ابن ماجہ:4290۔ وصححہ الألبانی