کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 447
تمام انسانوں کو فدیہ کے طور پر پیش کردے ، لیکن ایسا ہر گز نہیں ہو سکے گا ۔ اس دن کی آگ ایسی شدید ہو گی کہ گوشت کو ہڈیوں سے علیحدہ کرڈالے گی ۔ اُس عذاب سے نجات دلانے والی چیز کونسی ہے ؟ یقینا وہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت وفرمانبرداری اور اس کی نافرمانی چھوڑ دینا ہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد گرامی ہے:﴿وَاتَّقُوْا یَوْمًا تُرْجَعُوْنَ فِیْہِ إِلَی اللّٰہِ ثُمَّ تُوَفّٰی کُلُّ نَفْسٍ مَّا کَسَبَتْ وَہُمْ لاَ یُظْلَمُوْنَ﴾[1] ’’اور اس دن سے ڈرو جس میں تم سب اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹائے جاؤ گے اور ہر شخص کو اس کے اعمال کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا اور ان پر ظلم نہیں کیا جائے گا ۔ ‘‘ عزیزان گرامی ! اب ہم آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ اس دن کی سختیوں اور ہولناکیوں سے کس طرح بچا جا سکتا ہے ؟ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( مَنْ نَّفَّسَ عَنْ مُسْلِمٍ کُرْبَۃً مِّنْ کُرَبِ الدُّنْیَا نَفَّسَ اللّٰہُ عَنْہُ کُرْبَۃً مِّنْ کُرَبِ یَوْمِ الْقِیَامَۃِ)) [2] ’’ جوشخص کسی کی دنیاوی پریشانیوں میں سے ایک پریشانی کو ختم کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی قیامت کی پریشانیوں میں سے ایک پریشانی کو ختم کردے گا ۔ ‘‘ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جو شخص کسی مسلمان کی پریشانیوں کو ختم کرنے میں اس کی مدد کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے ہر پریشانی کے بدلے میں قیامت کی پریشانی سے محفوظ رکھے گا ۔ جبکہ حضرت ابو مسعود رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’ تم سے پہلے لوگوں میں سے ایک شخص کا حساب لیا گیا تو اس کے پاس کوئی خیر کا عمل نہ ملا سوائے اس کے کہ وہ لوگوں سے میل جول رکھتا تھا اور اپنے نوکروں کو حکم دیا کرتا تھا کہ وہ تنگدست پر آسانی کریں ۔ تواللہ تعالیٰ نے کہا : میں اس بات کا زیادہ حق رکھتا ہوں ۔ لہذا تم ( اے فرشتو ! ) میرے بندے کو معاف کردو ۔‘‘[3] اسی طرح حضرت ابو قتادۃ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ انھوں نے اپنے ایک مقروض کو طلب کیا تو وہ کہیں چھپ گیا ۔ پھر وہ اچانک ملا تو کہنے لگا : میں تنگدست ہوں اور قرضہ واپس کرنے کی طاقت نہیں رکھتا ۔ میں نے کہا : کیا تم اللہ کی قسم اٹھا کر کہتے ہو کہ تم واقعتاتنگدست ہو ؟ اس نے کہا : ہاں ۔ تومیں نے کہا : میں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا تھا کہ
[1] البقرۃ2 :281 [2] صحیح مسلم:2699 [3] صحیح مسلم :1561