کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 440
یہودی نے سوال کیا : جب ( قیامت کے دن ) اِس زمین کے علاوہ کوئی اور زمین ہو گی اور آسمان بھی بدل جائیں گے تولوگ کہاں ہو ں گے ؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا : ’’ وہ پل صراط کے اُدھر اندھیرے میں ہو ں گے ۔ ‘‘[1] اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس آیت کے متعلق پوچھا گیا کہ اُس دن لوگ کہاں ہو نگے ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’پل صراط پر ۔ ‘‘[2] جبکہ حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( یُحْشَرُ النَّاسُ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ عَلٰی أَرْضٍ بَیْضَائَ عَفْرَائَ کَقُرْصَۃِ النَقِیِّ لَیْسَ فِیْہَا عَلَمٌ لِأَحَدٍ [3])) ’’ لوگوں کو روزِ قیامت ایک ایسی زمین پر جمع کیا جائے گا جو میدے کی روٹی کی مانند سفید سرخی مائل ہو گی اور اس پر کسی (عمارت ، مکان اور مینار وغیرہ ) کا نام ونشان نہیں ہو گا ۔ ‘‘ ( یعنی زمین چٹیل میدان ہو گی۔ ) حشر کی کیفیت حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( یُحْشَرُ النَّاسُ عَلٰی ثَلَاثِ طَرَائِقَ:رَاغِبِیْنَ وَرَاہِبِیْنَ،وَاثْنَانِ عَلٰی بَعِیْرٍ، وَثَلَاثَۃٌ عَلٰی بَعِیْرٍ،وَأَرْبَعَۃٌ عَلٰی بَعِیْرٍ،وَعَشَرَۃٌ عَلٰی بَعِیْرٍ،وَیَحْشُرُ بَقِیَّتَہُمُ النَّارُ تَبِیْتُ مَعَہُمْ حَیْثُ بَاتُوْا،وَتَقِیْلُ مَعَہُمْ حَیْثُ قَالُوْا،وَتُصْبِحُ مَعَہُمْ حَیْثُ أَصْبَحُوْا،وَتُمْسِیْ مَعَہُمْ حَیْثُ أَمْسَوْا)) [4] ’’ لوگوں کو تین گروہوں میں اکٹھا کیا جائے گا : ایک گروہ امید رکھنے والے اور ڈرنے والوں کا ہو گا۔ دوسرے گروہ میں دو افراد کے پاس ایک اونٹ ہو گا ، تین کے پاس ایک اونٹ ہو گا ، چار کے پاس ایک اونٹ ہو گا اور دس کے پاس ایک اونٹ ہو گا ۔ اور باقیوں (تیسرے گروہ کے لوگوں )کو آگ اکٹھا کرے گی ، وہ ان کے ساتھ رات گذارے گی جہاں وہ رات گذاریں گے ۔ اور ان کے ساتھ دوپہر کا قیلولہ کرے گی جہاں وہ قیلولہ کریں گے ۔اور ان کے ساتھ صبح کرے گی جہاں وہ صبح کریں گے۔اور ان کے ساتھ شام کرے گی جہاں وہ شام کریں گے ۔ ‘‘ (یعنی ہر وقت ان کے ساتھ ساتھ رہے گی )
[1] صحیح مسلم ۔ الحیض باب صفۃ منی الرجل والمرأۃ :315 [2] صحیح مسلم :2791 [3] صحیح البخاری:6521، صحیح مسلم :2790 [4] صحیح البخاری:6522،صحیح مسلم :2861