کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 425
چالیس میں سے ایک دن سال کے برابر، دوسرا دن ایک ماہ کے برابر ،تیسرا دن ایک ہفتے کے برابر ہو گا اور باقی ایام عام دنوں کے برابر ہو ں گے۔
دجال کے فتنہ سے بچنے کیلئے حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث پیش خدمت ہے جس میں وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
(( مَنْ حَفِظَ عَشْرَ آیَاتٍ مِنْ أَوَّلِ سُوْرَۃِ الْکَہْفِ عُصِمَ مِنَ الدَّجَّالِ ))وَفِیْ رِوَایَۃٍ: (( آخِرِ سُوْرَۃِ الْکَہْفِ )) [1]
’’ جس شخص نے سورۃ الکہف کے شروع سے (ایک روایت میں ہے : سورۃ الکہف کے آخر سے) دس آیات کو حفظ کیا اسے دجال سے بچا لیا جائے گا ۔ ‘‘
(۲) ظہورِ امام مہدی
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
(( لَا تَقُوْمُ السَّاعَۃُ حَتّٰی یَمْلِکَ الْعَرَبَ رَجُلٌ مِنْ أَہْلِ بَیْتِیْ یُوَاطِیُٔ اسْمُہُ اِسْمِیْ [2]))
’’ قیامت قائم نہیں ہو گی یہاں تک کہ میرے اہلِ بیت سے تعلق رکھنے والا ایک شخص جس کا نام میرے نام جیسا ہو گا عرب کا حاکم بن جائے گا ۔ ‘‘
جبکہ سنن ابو داؤد میں ہے کہ امام مہدی کے باپ کا نام بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے باپ جیسا ہو گا۔ اسی طرح اُس میں یہ بھی ہے کہ( یَمْلأُ الْأرْضَ قِسْطًا وَّعَدْلًا کَمَا مُلِئَتْ ظُلْمًا وَّجَورًا )’’ وہ زمین کو عدل وانصاف سے بھر دیں گے جیسا کہ (ان سے پہلے ) ظلم وزیادتی سے بھری پڑی تھی ۔ ‘‘[3]
اسی طرح حضرت ابو سعید الخدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہمیں یہ خدشہ ہوا کہ کہیں ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی حادثہ نہ ہو ۔ چنانچہ ہم نے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا تو آپ نے فرمایا :
(( إِنَّ فِیْ أُمَّتِی الْمَہْدِیَّ،یَخْرُجُ یَعِیْشُ خَمْسًا أَوْ سَبْعًا أَوْ تِسْعًا))قُلْنَا:وَمَا ذَاکَ ؟قَالَ: (( سِنِیْنَ [4]))
’’ بے شک میری امت میں ایک مہدی آئے گا جو ظہور کے بعد پانچ یا سات یا نو سال تک رہے گا ۔ ‘‘
[1] صحیح مسلم :809
[2] سنن الترمذی :2230۔ وصححہ الألبانی
[3] سنن أبی داؤد : ۸۲۴۲ ۔ وصححہ الألبانی
[4] سنن الترمذی : ۲۲۳۲۔ وحسنہ الألبانی