کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 413
روزِ قیامت ۔۔۔۔۔۔نشانیاں اورہولناکیاں اہم عناصر خطبہ : ٭ قرب قیامت ٭ قیامت کب آئے گی ؟ ٭ علاماتِ قیامت ( صغری وکبری ) ٭ صور کا پھونکا جانا اور کائنات کا خاتمہ ٭ قیامت سے پہلے شدید زلزلہ ٭ صور کا دوبارہ پھونکا جانا ٭ قیامت کادن سورۃ التکویر، سورۃ الانفطار اور سورۃ الانشقاق میں پہلا خطبہ برادران اسلام ! اس سے پہلے ہم ایک خطبۂ جمعہ موت سے متعلق اور ایک خطبہ قبر سے متعلق دے چکے ہیں جبکہ آج کا خطبہ روزِ قیامت سے متعلق ہے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کا خاتمہ ایمان اور عمل صالح پر فرمائے۔ ہمیں سوئے خاتمہ سے محفوظ رکھے ، قبر وحشر کی حسرتوں سے بچائے اور ہمیں اپنے فضل وکرم سے جنت الفردوس نصیب فرمائے ۔ آمین سب سے پہلے ہمیں اس بات پر پختہ یقین ہونا چاہئے کہ ہم سب کو اور پوری بنی نوع انسانیت کو مرنے کے بعد دوبارہ زندہ ہونا اور اللہ تعالیٰ کے سامنے پیش ہونا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں : ﴿زَعَمَ الَّذِیْنَ کَفَرُوا أَن لَّن یُبْعَثُوا قُلْ بَلَی وَرَبِّیْ لَتُبْعَثُنَّ ثُمَّ لَتُنَبَّؤُنَّ بِمَا عَمِلْتُمْ وَذَلِکَ عَلَی اللّٰہِ یَسِیْرٌ﴾[1] ’’ کافروں کا خیال یہ ہے کہ انہیں دوبارہ زندہ نہیں کیا جائے گا ۔ کہہ دیجئے کہ کیوں نہیں اللہ کی قسم ! تمھیں ضرور بالضرور اٹھایا جائے گا ۔ پھر جو کچھ تم نے کیا ہے اس کی تمھیں خبر دی جائے گی اور یہ کام اللہ پر انتہائی آسان ہے ۔ ‘‘
[1] التغابن64 :7