کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 392
قبر … آخرت کی سب سے پہلی منزل
اہم عناصر خطبہ :
1۔ قبر آخرت کی منزلوں میں سے پہلی منزل 2۔ قبر کا میت کو دبوچنا
3۔ قبر میں میت سے سوال وجواب 4۔عذابِ قبر کا ثبوت قرآن وحدیث سے
5۔عذابِ قبر کی مختلف شکلیں 6۔ قبر کیلئے تیاری
7۔ نیک عمل قبر کا ساتھی 8۔عذابِ قبر سے نجات دینے والے بعض اعمال
برادران اسلام !
یہ بات ہر ایک کو معلوم ہے کہ ہر نفس کے چار دور ہوتے ہیں :
پہلا دور : ماں کے پیٹ میں ، جہاں نفس بند رہتا ہے اور وہاں تنگی اور تین اندھیروں کے سوا کچھ نہیں ہوتا ۔
دوسرا دور: دنیا ، جس میں نفس کی نشو ونما ہوتی ہے اور اسی میں وہ خیر وشر کماتا ہے ۔ یہ دوسرا دور پہلے دور کی بہ نسبت زیادہ وسیع ہوتا ہے ۔
تیسرا دور : قبر یا عالم برزخ ۔ اور یہ دور دوسرے دور کی بہ نسبت زیادہ وسیع ہوتا ہے ۔
چوتھا دور: آخری ٹھکانا، جنت یا جہنم ۔ ان دو ٹھکانوں کے سوا کوئی اور ٹھکانا نہیں ہو گا۔ اللہم أدخلنا الجنۃ وأجرنا من النار۔
آج کے خطبہ میں ہمارا موضوع تیسرا دور ( قبر یا عالمِ برزخ ) ہے ۔
قبر آخرت کی منزلوں میں سے پہلی منزل ہے
انسان کے سفرِ آخرت کا آغاز اس کی موت سے ہوتا ہے اور ہم موت کے بارے میں ایک خطبہ گذشتہ جمعۃ المبارک کو عرض کر چکے ہیں ۔ پھر موت کے بعد اس سفر کی پہلی منزل قبر ہے جس کے تصور سے ہی مومن کے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں ۔