کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 39
’’ وہ ایک مثال خود تمہاری ہی ذات سے پیش کرتا ہے کیا تمھارے غلاموں میں کچھ ایسے ہیں جو ہماری دی ہوئی روزی میں تمھارے ساتھ شریک ہوں کہ تم اور وہ اس میں برابر درجے کے ہو ؟ اور تم ان سے اسی طرح ڈرتے ہو جس طرح اپنے برابر کے لوگوں سے ڈرتے ہو ؟ ہم اسی طرح آیتوں کو کھول کھول کر بیان کردیتے ہیں ان لوگوں کے لئے جو عقل سے کام لیتے ہیں۔ ‘‘
اس آیت میں اﷲ تعالیٰ نے شرک کی تردید کے لئے ایک مثال خود لوگوں کے حالاتِ زندگی سے پیش کی ہے کہ ہم نے جو مال تمہیں عطا کیا ہے اس میں تمھارے غلام جو کہ تمھارے ہی جیسے انسان ہیں ، تمھارے ساتھ اس طرح شریک ہوجائیں کہ تم اور وہ برابر درجے کے ہوجاؤ اور تم اس مال کے تصرف میں اس طرح ڈرنے لگ جاؤ جس طرح تم اپنے جیسے آزاد اور شریکِ کاروبار لوگوں سے ڈرتے ہو تو کیا تم یہ بات پسند کروگے ؟ یقینا یہ بات تمہیں پسند نہیں ہوگی ۔ جب تمھیں یہ پسند نہیں تو اﷲ تعالیٰ کو یہ بات کیسے پسند ہوسکتی ہے کہ اس کے بندوں کو یا اس کے پیدا کئے ہوئے کسی شجرو حجر کو اس کا شریک بنا دیا جائے ؟ یعنی جس طرح تم پہلی بات کو پسند نہیں کرتے اور اپنے مال میں اپنے غلاموں کی شراکت تمہیں برداشت نہیں ، اسی طرح تمہیں یہ بھی پسند نہیں ہونا چاہئے کہ تم اﷲ کی مخلوق کو چاہے کوئی نبی ہو یا ولی اﷲ کا شریک بنادو ۔
2۔فرمانِ الٰہی ہے : ﴿ مَا اتَّخَذَ اللّٰہُ مِنْ وَّلَدٍ وَّمَا کَانَ مَعَہُ مِنْ اِلٰہٍ اِذًا لَّذَہَبَ کُلُّ اِلٰہٍ بِمَا خَلَقَ وَلَعَلاَ بَعْضُہُمْ عَلیٰ بَعْضٍ ﴾[1]
’’ نہ تو اﷲ نے کسی کو بیٹا بنایا اور نہ اس کے ساتھ کوئی معبود ہے ، ورنہ ہر معبود اپنی مخلوقات کو لے کر الگ ہوجاتا اور ان میں سے ہر ایک دوسرے پر چڑھ دوڑتا ۔ ‘‘
اس آیتِ کریمہ میں بھی اﷲ تعالیٰ نے شرک کی تردید کے لئے ایک بہت ہی واضح اور کھلی دلیل بیان کی ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ اگر اﷲ تعالیٰ کے ساتھ کوئی اور معبود بھی ہوتا تو یقینا ہر معبود کی مخلوقات ہوتیں ، پھر ہر معبود اپنی مخلوقات لیکر اپنی الگ مملکت قائم کرلیتا اور وہ سب ایک دوسرے پر چڑھ دوڑتے اور یوں کائنات کا نظام درہم برہم ہوجاتا۔ تو پورے عالم کا نظام جس عجیب وغریب اور حیران کن انداز سے چل رہا ہے یہ اس بات کی دلیل ہے کہ اس کائنات کا خالق ومالک ایک ہی ہے اور وہی اکیلا معبودِ برحق ہے ، اس کا کوئی شریک نہیں ، نہ اس کی ربوبیت میں اور نہ اس کی الوہیت میں ۔
3۔ فرمانِ الٰہی ہے :﴿قُلِ ادْعُوا الَّذِیْنَ زَعَمْتُمْ مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ لَا یَمْلِکُوْنَ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ فِی
[1] المؤمنون23 :91