کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 38
اور حضرت عبد اﷲ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( مَنْ مَّاتَ وَہُوَ یَدْعُوْ مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ نِدًّا دَخَلَ النَّارَ [1])) ’’جس شخص کی موت اس حالت میں آئی کہ وہ اﷲ کے علاوہ کسی اور شریک کو پکارتا تھاتو وہ جہنم میں جائے گا۔‘‘ اِس آیت ِ قرآنیہ اور حدیث ِ نبوی سے ثابت ہوا کہ مشرک ہمیشہ کے لئے جہنم میں رہے گا کیونکہ جو شخص اﷲ تعالیٰ کی بے شمار اور ان گنت نعمتوں سے مستفید ہونے کے باوجود بھی اپنی عبادات کو اﷲ تعالیٰ کے لئے مخصوص نہیں کرتا اور اس کے در کو چھوڑ کر غیروں کے در پر جاتا ہے تو وہ یقینی طور پر اﷲ تعالیٰ کی رحمت سے محروم ہوجاتا ہے ۔ اوراسی لئے اﷲ تعالیٰ اسے دائمی طور پر اپنے عذاب میں مبتلا رکھے گا ۔ والعیاذ باﷲ ! جب قرآن وحدیث کے واضح دلائل سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ شرک سب سے بڑا ظلم، سب سے بڑا گناہ، ناقابلِ معافی جرم ، نیک اعمال کو برباد کرنے والا اور مشرک کو ہمیشہ کے لئے جہنمی بنانے والا ہے اور اﷲ تعالیٰ نے اس سے منع کیا ہے اور اسے حرام قرار دیا ہے تو ایسے میں تمام مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ سب عبادات صرف اور صرف اﷲ تعالیٰ کے لئے بجا لائیں ، کسی عبادت میں اﷲ تعالیٰ کا شریک نہ بنائیں، اﷲ تعالیٰ ہی سے مانگیں ، اﷲ تعالیٰ ہی کو حاجت روا ، مشکل کشا ، غوثِ اعظم ، داتا اور بگڑی بنانے والا مانیں اور اس کے علاوہ کسی کو نفع ونقصان کا مالک تصور نہ کریں ۔ قرآن مجید میں شرک کی تردید اﷲ رب العزت نے قرآن مجید میں واضح ترین دلائل دے کر شرک اور مشرکین کی تردید کی ہے تاکہ اہلِ عقل ودانش شرک سے محفوظ رہیں اور انہیں یہ بات اچھی طرح سے سمجھ میں آجائے کہ کائنات کا خالق ومالک ایک ہی ہے ، وہی تمام امور کا مدبر ہے ، وہی نفع ونقصان کا مالک ہے ، وہی رزق دینے والا ، حاجت روا اور مشکل کُشا ہے اور وہی تمام عبادات کا مستحق ہے ۔ ان دلائل میں سے چند ایک آپ بھی سماعت فرمائیں : 1۔ اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے : ﴿ ضَرَبَ لَکُمْ مَّثَلاً مِّنْ اَنْفُسِکُمْ ہَلْ لَّکُمْ مِّمَّا مَلَکَتْ اَیْمَانُکُمْ مِّنْ شُرَکَآئَ فِیْ مَا رَزَقْنَاکُمْ فَاَنْتُمْ فِیْہِ سَوَائٌ تَخَافُوْنَہُمْ کَخِیْفَتِکُمْ اَنْفُسَکُمْ کَذٰلِکَ نُفَصِّلُ الْآیَاتِ لِقَوْمٍ یَعْقِلُوْنَ ﴾[2]
[1] صحیح البخاری،التفسیر،باب قولہ:(وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یَتَّخِذُ مِنْ دُوْنِ اﷲِ اَنْدَادًا):4497 [2] الروم30 :28