کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 373
ان تینوں میں سے سب سے بہتر شخص تیسرا ہے ، اس کے بعد دوسرا اور سب سے بد تر انسان پہلا ہے جو کہ موت سے مکمل طور پر غافل رہتا ہے ۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( أَکْثِرُوْا ذِکْرَ ہَاذِمِ اللَّذَّاتِ الْمَوْتَ،فَإِنَّہُ لَمْ یَذْکُرْہُ أَحَدٌ فِیْ ضَیْقٍ مِّنَ الْعَیْشِ إِلَّا وَسَّعَہُ عَلَیْہِ[1])) ’’ لذتوں کو ختم کردینے والی چیز یعنی موت کو زیادہ سے زیادہ یاد کیا کرو ، کیونکہ جو شخص بھی اسے تنگ حالی میں یاد کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے خوشحال بنادیتا ہے ۔ ‘‘ اور حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا کہ اچانک ایک انصاری آیا ، اس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو سلام کہا ، پھر کہنے لگا : اے اللہ کے رسول ! مومنوں میں سب سے افضل کون ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( أَحْسَنُہُمْ أَخْلاَقًا)) ’’ ان میں جو سب سے اچھے اخلاق والا ہو ۔‘‘ اس نے پھر پوچھا : مومنوں میں سب سے زیادہ عقلمند کون ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( أَکْثَرُہُمْ لِلْمَوْتِ ذِکْرًا وَأَحْسَنُہُمْ لِمَا بَعْدَہُ اسْتِعْدَادًا،أُولٰئِکَ الْأکْیَاسُ)) ’’ ان میں جو سب سے زیادہ موت کویاد کرنے والا ہواور جو موت کے بعد آنے والے مراحل کیلئے سب سے زیادہ تیاری کرنے والا ہو وہی لوگ زیادہ عقلمند ہیں ۔ ‘‘[2] الدقاق کا کہنا ہے کہ جو شخص موت کو زیادہ یاد کرتا ہے اس کا تین طرح سے اکرام کیا جاتا ہے : ایک یہ کہ اسے جلدی توبہ کرنے کی توفیق مل جاتی ہے ۔ دوسرا یہ کہ جتنا ملتا ہے اسے اتنے پر قناعت نصیب ہوتی ہے ۔ اور تیسرا یہ کہ اسے عبادت میں لذت اور نشاط محسوس ہوتی ہے ۔ اور جو شخص موت کو بھلا دیتا ہے اسے تین طرح سے سزا دی جاتی ہے : ایک یہ کہ اسے جلدی توبہ کرنے کی توفیق نہیں ملتی ۔ دوسرا یہ کہ جتنا آتا ہے اس پر قناعت نصیب نہیں ہوتی ۔ اور تیسرا یہ کہ عبادت میں سستی اور بے دلی محسوس ہوتی ہے ۔ اور اللہ رب العزت کے اس فرمان :﴿ اَلَّذِیْ خَلَقَ الْمَوْتَ وَالْحَیَاۃَ لِیَبْلُوَکُمْ أَیُّکُمْ أَحْسَنُ عَمَلاً﴾ [3] ’’(اللہ وہ ہے )جس نے موت وحیات کو پیدا کیا تاکہ تمھیں آزمائے کہ تم میں عمل کے اعتبار سے کون زیادہ
[1] شعب الإیمان،صحیح ابن حبان۔ صحیح الجامع للألبانی:1211 [2] سنن ابن ماجہ :4259۔ وصححہ الألبانی [3] الملک67 :2