کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 367
نے وہ سورتیں پڑھی ہیں جو کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کوفہ میں پڑھا کرتے تھے۔تو حضرت ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ نے کہا : میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جمعہ کے دن یہی دو سورتیں پڑھتے ہوئے سنا تھا ۔[1] نمازِ جمعہ کیسے پائی جا سکتی ہے ؟ نمازِ جمعہ کو پانے کیلئے ضروری ہے کہ نمازی امام کے ساتھ کم از کم آخری رکعت پا لے ۔ اور اگر وہ آخری رکعت نہیں پاتا بایں صورت کہ وہ امام کے ساتھ دوسری رکعت کے رکوع کے بعد شامل ہوتا ہے تو اسے امام کے سلام پھیرنے کے بعد کھڑے ہو کر صرف دو رکعات نہیں بلکہ ظہر کی چار رکعات پڑھنی ہونگی۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( مَنْ أَدْرَکَ مِنَ الْجُمُعَۃِ رَکْعَۃً فَلْیُصَلِّ إِلَیْہَا أُخْرٰی[2])) ’’ جو شخص نمازِ جمعہ کی ایک رکعت ( امام کے ساتھ ) پا لے ، وہ اس کے ساتھ ایک اور رکعت کو ملائے ۔ ‘‘ اور حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فر مایا : (( مَنْ أَدْرَکَ رَکْعَۃً مِنْ صَلَاۃِ الْجُمُعَۃِ أَوْ غَیْرِہَا ، فَقَدْ أَدْرَکَ الصَّلَاۃَ [3])) ’’ جو آدمی نمازِ جمعہ یا کسی اور نماز کی ایک رکعت ( امام کے ساتھ ) پا لے ، تو اس نے نماز( با جماعت کا ثواب) حاصل کر لیا ۔ ‘‘ اور حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: (( إِذَا أَدْرَکْتَ رَکْعَۃً مِنَ الْجُمُعَۃِ فَأَضِفْ إِلَیْہَا أُخْرٰی،فَإِذَا فَاتَکَ الرُّکُوْعُ فَصَلِّ أَرْبَعًا[4])) ’’ جب تم جمعہ کی ایک رکعت کو پا لو تو اس کے ساتھ ایک اور رکعت کو ملا لینا ، اور جب تم سے (دوسری رکعت کا) رکوع فوت ہو جائے تو تم چار رکعات پڑھنا۔ ‘‘ اور حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: (( إِذَا أَدْرَکْتَ مِنَ الْجُمُعَۃِ رَکْعَۃً فَأَضِفْ إِلَیْہَا أُخْرٰی،وَإِنْ أَدْرَکْتَہُمْ جُلُوْسًا فَصَلِّ أَرْبَعًا [5]))
[1] صحیح مسلم :877 [2] سنن ابن ماجہ :1121۔ وصححہ الألبانی [3] النسائی:557،ابن ماجہ :1123۔ وصححہ الألبانی [4] أخرجہ ابن ابی شیبۃ والطبرانی والبیہقی،وصححہ الألبانی فی إرواء الغلیل :82/3 [5] أخرجہ البیہقی ۔ إرواء الغلیل :82/3