کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 347
یوم ِجمعہ ۔۔۔۔۔۔ اہمیت ، فضائل اور احکام و آداب
اہم عناصر خطبہ :
٭ یوم جمعہ کی اہمیت ٭ نمازِ جمعہ کی اہمیت اور فضیلت
٭آدابِ جمعہ ٭ جمعہ کیلئے جلدی آنے کا تاکیدی حکم
٭ تحیۃ المسجد ٭ خطبہ جمعہ کے دوران خاموش رہنے کا تاکیدی حکم
٭ جمعہ کے روز ایک مبارک گھڑی ٭نمازِ جمعہ کے بعد نمازِ سنت
٭ یومِ جمعہ کو روزہ کیلئے یا شبِ جمعہ کو تہجد کیلئے خاص کرنے کا حکم
٭ سورۃ الکہف کی تلاوت کی فضیلت ٭ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر کثرت سے درود
٭نماز جمعہ کا پانا
پہلا خطبہ
برادران اسلام ! ہفتہ بھر کے دنوں میں سب سے افضل دن جمعہ کا دن ہے ۔ اس لئے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ آج کے خطبہ میں ہم اس عظیم الشان دن کی اہمیت ، فضیلت اور اس کے احکام وآداب بیان کریں ۔ اللہ تعالیٰٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو سنت ِ نبویہ سے محبت کرنے اور اس کی پیروی کرنے کی توفیق دے ۔
یومِ جمعہ کی اہمیت
اللہ تعالیٰ نے باقی امتوں کو اس دن کی برکات سے محروم رکھا ، صرف اِس امت پر اس نے خصوصی فضل وکرم فرمایا اور اس نے اس کی اس دن کی طرف راہنمائی فرمائی اور اسے اس کی برکات سے نوازا ۔
حضرت ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
(( نَحْنُ الْآخِرُوْنَ السَّابِقُوْنَ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ،بَیْدَ أَنَّہُمْ أُوْتُوْا الْکِتَابَ مِنْ قَبْلِنَا وَأُوْتِیْنَاہُ مِنْ بَعْدِہِمْ،وَہٰذَا یَوْمُہُمُ الَّذِیْ فُرِضَ عَلَیْہِمْ فَاخْتَلَفُوْا فِیْہِ،فَہَدَانَا اللّٰہُ لَہُ،فَہُمْ لَنَا فِیْہِ تَبَعٌ، فَالْیَہُوْدُ غَدًا،وَالنَّصَارٰی بَعْدَ غَدٍ [1]))
[1] صحیح البخاری:3486 ،صحیح مسلم :855