کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 336
کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ ’’ جو شخص رات کو بیدار ہو ، پھر یہ دعا پڑھے تواس کے بعد وہ جو دعا بھی کرتا ہے اسے قبول کیا جاتا ہے ۔ ‘‘ 3۔رات کی نفل نماز کا آغازدو ہلکی سی رکعات سے کرے ۔وضو کے بعد کی اس نماز کو اہل علم ’تحیۃ الوضوء ‘ کانام دیتے ہیں ۔ اور یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قول وفعل سے ثابت ہے جیسا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب رات کو نماز پڑھنے کی غرض سے کھڑے ہوتے تو اپنی نماز کا آغاز دو ہلکی پھلکی رکعات سے کرتے۔[1] اور حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( إِذَا قَامَ أَحَدُکُمْ مِنَ اللَّیْلِ فَلْیَفْتَتِحْ صَلَاتَہُ بِرَکْعَتَیْنِ خَفِیْفَتَیْنِ[2])) ’’ تم میں سے کوئی شخص جب رات کے قیام کیلئے کھڑا ہو تو دو ہلکی پھلکی رکعات سے اپنی نماز کا افتتاح کرے۔‘‘ 4۔ نمازِ تہجدگھر میں پڑھنا مستحب ہے ، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گھر میں ہی تہجد پڑھتے تھے۔ اور حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( ۔۔فَعَلَیْکُمْ بِالصَّلَاۃِ فِیْ بُیُوْتِکُمْ،فَإِنَّ خَیْرَ صَلَاۃِ الْمَرْئِ فِیْ بَیْتِہٖ إِلَّا الصَّلَاۃُ الْمَکْتُوْبَۃُ [3])) ’’ لہٰذا تم پر لازم ہے کہ تم اپنے گھروں میں ہی نماز پڑھا کرو کیونکہ آدمی کی بہترین نماز وہ ہے جسے وہ اپنے گھر میں ادا کرے سوائے فرض نماز کے۔ ‘‘ 5۔ قیام اللیل بغیر انقطاع کے ہمیشہ جاری رکھنا چاہئے۔ اور بہتر یہ ہے کہ مسلمان چند معلوم رکعات پر ہمیشگی کرے ۔ اگر وہ ہشاش بشاش ہو تو ان میں لمبا قیام کرے اور اگر اس میں سستی ہو تو ہلکا قیام کرے ۔ اور اگر وہ رکعات اس سے فوت ہو جائیں تو وہ انہیں قضا کرے ۔ جیسا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( خُذُوْا مِنَ الْأعْمَالِ مَا تُطِیْقُوْنَ،فَإِنَّ اللّٰہَ لَا یَمَلُّ حَتّٰی تَمَلُّوْا،وَإِنَّ أَحَبَّ الْأَعْمَالِ إِلیَ اللّٰہِ مَا دُوْوِمَ عَلَیْہِ وَإِنْ قَلَّ)) [4] ’’ تم اپنی طاقت کے مطابق ہی عمل کیا کرو ، کیونکہ اللہ تعالیٰ اس وقت تک نہیں اکتاتا جب تک تم خود نہ اکتا
[1] صحیح مسلم : 767 [2] صحیح مسلم :768 [3] صحیح البخاری:731،صحیح مسلم :781 [4] صحیح البخاری :1970، صحیح مسلم :782۔ واللفظ لہ