کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 329
’’ بے شک جنت میں ایسے بالاخانے ہیں کہ جن کا بیرونی منظر اندر سے اور اندرونی منظر باہر سے دیکھا جا سکتا ہے ۔ انھیں اللہ تعالیٰ نے اس شخص کیلئے تیار کیا ہے جو کھانا کھلاتا ہو ، بات نرمی سے کرتا ہو ، مسلسل روزے رکھتا ہو اور رات کو اس وقت نماز پڑھتا ہو جب لوگ سوئے ہوئے ہوں ۔ ‘‘ 3۔ قیام اللیل پر ہمیشگی کرنے والے متقین اور محسنین میں سے ہیں جو کہ اللہ کی رحمت اور اس کی جنت کے مستحق ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : ﴿إِنَّ الْمُتَّقِیْنَ فِیْ جَنَّاتٍ وَّعُیُوْنٍ. آخِذِیْنَ مَا آتَاہُمْ رَبُّہُمْ إِنَّہُمْ کَانُوْا قَبْلَ ذٰلِکَ مُحْسِنِیْنَ. کَانُوْا قَلِیْلاً مِّنَ اللَّیْلِ مَا یَہْجَعُوْنَ. وَبِالْأَسْحَارِ ہُمْ یَسْتَغْفِرُوْنَ﴾[1] ’’بلا شبہ متقی ( اس دن ) باغات اور چشموں میں ہونگے ۔جو کچھ ان کا رب ان کو دے گا وہ لے لیں گے۔ وہ اس دن کے آنے سے پہلے نیکو کار تھے۔ وہ رات کو کم سویا کرتے تھے اور سحری کے وقت مغفرت مانگا کرتے تھے ۔ ‘‘ 4۔ اللہ تعالیٰ نے عباد الرحمن کی صفات کے ضمن میں قیام اللیل کرنے والوں کی یوں تعریف فرمائی : ﴿وَالَّذِیْنَ یَبِیْتُوْنَ لِرَبِّہِمْ سُجَّدًا وَّقِیَامًا﴾[2] ’’ اور جو اپنے رب کے حضور سجدہ اور قیام میں رات گذارتے ہیں ۔ ‘‘ اسی طرح اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے بعض اوصاف ذکرکرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے : ﴿اَلَّذِیْنَ یَقُوْلُوْنَ رَبَّنَا إِنَّنَا آمَنَّا فَاغْفِرْ لَنَا ذُنُوْبَنَا وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ . اَلصَّابِرِیْنَ وَالصَّادِقِیْنَ وَالْقَانِتِیْنَ وَالْمُنْفِقِیْنَ وَالْمُسْتَغْفِرِیْنَ بِالْأَسْحَارِ ﴾[3] ’’(اس کے بندے دعا کرتے ہوئے ) کہتے ہیں : اے ہمارے رب ! ہم ایمان لے آئے ہیں۔ لہٰذا ہمارے گناہ بخش دے اور ہمیں جہنم کے عذاب سے بچا لے ۔ یہ لوگ صبر کرنے والے ، سچ بولنے والے ، فرمانبردار ، خرچ کرنے والے اور رات کے آخری حصے میں استغفار کرنے والے ہیں ۔ ‘‘ 5۔ اللہ تعالیٰ نے قیام اللیل کرنے والوں کے ایمانِ کامل کی شہادت یوں دی : ﴿إِنَّمَا یُؤْمِنُ بِآیَاتِنَا الَّذِیْنَ إِذَا ذُکِّرُوْا بِہَا خَرُّوْا سُجَّدًا وَسَبَّحُوْا بِحَمْدِ رَبِّہِمْ وَہُمْ لاَ یَسْتَکْبِرُوْنَ . تَتَجَافٰی جُنُوْبُہُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ یَدْعُوْنَ رَبَّہُمْ خَوْفًا وَطَمَعًا وَّمِمَّا رَزَقْنَاہُمْ یُنْفِقُوْنَ ٭ فَلاَ تَعْلَمُ نَفْسٌ مَّا أُخْفِیَ لَہُمْ مِّنْ قُرَّۃِ أَعْیُنٍ جَزَائً بِمَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ﴾ [4]
[1] الذاریات 51:15،18 [2] الفرقان25 : 64 [3] آل عمران:17-16 [4] السجدہ 32:17-15