کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 326
نماز نفل کے فضائل ومسائل(۲) اہم عناصر خطبہ : 1۔تہجد کا مفہوم 2۔ نمازتہجد کا حکم 3۔نمازتہجد کے بعض فضائل 4۔ نماز تہجد کا سب سے افضل وقت 5۔نماز تہجد کی رکعات 6۔نماز تہجد کے بعض آداب 7۔ نماز وتر 8۔قیام اللیل کیلئے معاون اسباب محترم حضرات ! گذشتہ خطبۂ جمعہ میں ہم نے نماز نفل کے فضائل ومسائل کے علاوہ اس کی بعض اقسام ذکر کی تھیں اور آج کا خطبہ بھی اسی موضوع کی ایک کڑی ہے۔ لہٰذا آج ہم ان شاء اللہ تعالیٰ نماز تہجد کے فضائل وآداب اور اسی طرح نماز وتر کے بعض فضائل ومسائل قدرے تفصیل کے ساتھ ذکر کریں گے۔ 1۔نمازِ تہجد سنت مؤکدہ ہے نمازِ تہجد کی عظمت واہمیت کی بناء پراللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو حکم دیا: ﴿ یَا أَیُّہَا الْمُزَّمِّلُ ٭ قُمِ اللَّیْلَ إِلاَّ قَلِیْلاً ٭ نِصْفَہُ أَوِ انْقُصْ مِنْہُ قَلِیْلاً ٭ أَوْ زِدْ عَلَیْہِ وَرَتِّلِ الْقُرْآنَ تَرْتِیْلاً ﴾[1] ’’ اے کپڑا اوڑھنے والے ! رات کا تھوڑا حصہ چھوڑ کر باقی قیام کیجئے ، رات کا آدھا حصہ یا اس سے کچھ کم کر لیجئے ،یا اس سے زیادہ کیجئے اور قرآن کو خوب ٹھہر ٹھہر کر پڑھا کیجئے ۔ ‘‘ اسی طرح فرمایا :﴿وَمِنَ اللَّیْلِ فَتَہَجَّدْ بِہٖ نَافِلَۃً لَّکَ عَسٰی أَنْ یَّبْعَثَکَ رَبُّکَ مَقَامًا مَّحْمُوْدًا﴾[2] ’’ اور رات کو تہجد ادا کیجئے ، یہ آپ کیلئے زائد کام ہے۔ ممکن ہے کہ آپ کا رب آپ کو مقامِ محمود پر فائز کردے ۔ ‘‘ اسی طرح فرمایا :﴿ إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا عَلَیْکَ الْقُرْآنَ تَنْزِیْلاً ٭ فَاصْبِرْ لِحُکْمِ رَبِّکَ وَلاَ تُطِعْ مِنْہُمْ آثِمًا أَوْ کَفُوْرًا ٭ وَاذْکُرِ اسْمَ رَبِّکَ بُکْرَۃً وَّأَصِیْلاً ٭ وَمِنَ اللَّیْلِ فَاسْجُدْ لَہُ وَسَبِّحْہُ لَیْلاً طَوِیْلاً﴾[3]
[1] المزمل: 4-1 [2] الإسراء17: 79 [3] الإنسان76:26-23