کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 32
شرک ۔۔۔ سب سے بڑا گناہ اہم عناصرِ خطبہ : 1۔ شرک کا مفہوم 2۔ شرک ایک بھیانک جرم 3۔قرآن مجید میں شرک کی تردید 4۔شرک کے نقصانات 5۔ شرک کا سدّ باب 6۔ شرک کی اقسام پہلا خطبہ ہمارا گذشتہ خطبۂ جمعہ توحید سے متعلق تھا جس میں ہم نے توحید کا مفہوم ، توحید کی اہمیت ، توحید کی فضیلت اور توحید کی اقسام کو تفصیل سے بیان کیا تھا ۔ اورآج کا خطبہ توحید کی ضد (شرک) سے متعلق ہے جس میں ہم ان شاء اللہ تعالیٰ شرک کا مفہوم ، شرک کی مذمت اور تردید اور اس کی اقسام وغیرہ بیان کریں گے۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو توحید پر قائم رکھے اور ہمیں شرک کی غلاظتوں سے محفوظ رکھے ۔ آمین شرک کا مفہوم اگر توحید کا مفہوم ہمارے ذہنوں میں ہے جو ہم نے گذشتہ خطبۂ جمعہ میں بیان کیا تھا تو شرک کے مفہوم کو سمجھنا بھی آسان ہے ۔ہم نے عرض کیا تھا کہ صرف اﷲ تعالیٰ کو خالق ِ کائنات، مالک الملک ، رازق اور مدبر الأمور تصور کرنا اور تمام کی تمام عبادات صرف اﷲ تعالیٰ کے لئے بجا لانا اور اسے اس کے اسماء وصفات میں یکتا ماننا توحید ہے ۔ اِس لحاظ سے شرک کا مفہوم یہ ہوگا کہ اﷲ تعالیٰ کے علاوہ کسی اور کو بھی خالق ومالک ، رازق اور مدبر الأمور ماننا ، یا عبادات میں سے کوئی عبادت غیر اﷲ کے لئے بجا لانا شرک ہے۔ اوراگر ہم شرک کی اس تعریف کو مدّ نظر رکھتے ہوئے اپنے معاشرے کا بغور جائزہ لیں تو ہمیں شرک کی کئی شکلیں واضح طور پر نظر آئیں گی ۔چنانچہ آج بہت سارے لوگ غیر اﷲ کو حاجت روا ، مشکل کُشا اور نفع ونقصان کا مالک تصور کرتے ہیں اور اسی بناء پر وہ ان کے لئے نذر ونیاز پیش کرتے ہیں ، ان سے مانگتے ہیں ، ان کی قبروں پر جانور ذبح کرتے ہیں ، ان کی قبروں کا طواف کرتے ہیں ، ان سے امیدیں وابستہ کرتے ہیں ، ان کی محبت کو اپنے دلوں میں بساتے ہیں ، ان سے ڈرتے ہیں ، انہیں غوث ، داتا ، دستگیر، غریب نواز اور مشکل کشاکہتے ہیں ، انہیں مدد کے لئے پکارتے ہیں اور ان پر بھروسہ کرتے ہیں ۔۔۔۔۔۔ یہ ساری شکلیں شرک کی ہیں ۔ اسی طرح کئی لوگ