کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 313
کہ عبادت میں میانہ روی اختیار کی جائے اور سختی اور تشددسے اجتناب کیا جائے۔ 5۔ نماز نفل کبھی کبھی جماعت کے ساتھ پڑھی جا سکتی ہے نماز نفل کبھی کبھی باجماعت ادا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے جیسا کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے ایک رات نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھی ۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خوب لمبی نماز پڑھائی یہاں تک کہ میں نے برا ارادہ کر لیا ۔ ان سے پوچھا گیا کہ کس چیز کا ارادہ کیا تھا ؟ انہوں نے جواب دیا : میں نے یہ ارادہ کیا تھا کہ بیٹھ جاؤں اور چھوڑ کر چلا جاؤں ۔[1] اسی طرح حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ایک رات میں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھی تو آپ نے سورۃ البقرۃ شروع کردی ۔ میں نے دل میں کہا : شاید آپ سو آیات پڑھ کر رکوع کریں گے لیکن آپ نے قراء ت جاری رکھی ۔ میں نے دل میں کہا : شاید آپ اسے دور کعات میں مکمل کریں گے لیکن آپ نے پھر بھی قراء ت جاری رکھی ۔ میں نے دل میں کہا : شاید اسے مکمل کرکے رکوع میں چلے جائیں گے لیکن آپ نے اسے ختم کرکے سورۃ النساء شروع کردی اور اسے بھی ختم کردیا ۔ پھر آپ نے سورۃ آل عمران شروع کر دی اور اسے بھی ختم کردیا ۔ آپ ٹھہر ٹھہر کر قراء ت کر رہے تھے ۔ جب کسی تسبیح والی آیت سے گذرتے تووہاں تسبیح پڑھتے اور جب سوال والی آیت سے گذرتے تووہاں سوال کرتے ۔ اور جب پناہ والی آیت سے گذرتے تووہاں پناہ طلب کرتے …[2] اور حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ان کی نانی حضرت ملیکۃ رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کھانے کی دعوت دی جوانہوں نے خود تیار کیا تھا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور اس میں سے کچھ کھایا ۔ پھر فرمایا: (( قُوْمُوْا فَأُصَلِّیَ لَکُمْ )) ’’کھڑے ہو جاؤ ، میں تمہیں نماز پڑھاؤں ۔‘‘ حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے ایک چٹائی بچھائی جو طویل عرصے سے پڑی سیاہ ہو چکی تھی ۔ میں نے اسے پانی کے ساتھ دھو دیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس پر کھڑے ہو گئے ۔ میں اور ایک یتیم (ہم دونوں ) نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے صف بنائی اور بوڑھی نانی جان ہمارے پیچھے کھڑی ہو گئیں۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں دو رکعات پڑھائیں اور پھر چلے گئے ۔[3]
[1] صحیح البخاری :1135، صحیح مسلم :773 [2] صحیح مسلم :772 [3] صحیح البخاری:380،صحیح مسلم :658۔واللفظ لمسلم