کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 268
اور نہ صرف پیدا کیا بلکہ تمھیں سننے کیلئے کان اور دیکھنے کیلئے آنکھیں عطا کردیں اور ایک ایسا عضو دے دیا کہ اگر وہ درست ہو جائے تو سارا جسم درست ہو جاتا ہے اور اگر وہ فاسد ہو جائے تو سارا جسم فاسد ہو جاتا ہے یعنی دل ۔ انسان کے جسم میں اللہ تعالیٰ نے اور بھی کئی اعضاء پیدا کئے ہیں لیکن یہاں اس نے بطور خاص تین اعضاء ذکر کئے ہیں : کان ، آنکھیں اور دل۔ معنی یہ ہے کہ انسان اپنی جسمانی ساخت اور جسم کے ایک ایک عضو کی بناوٹ پر اللہ تعالیٰ کا شکر گذارہوتا ، تمام اعضائے جسم کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت وفرمانبرداری میں لگاتا اور کسی عضو کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی نہ کرتا ، خصوصا کانوں کے ذریعے جائز اور مباح گفتگو کو ہی سنتا ، پاکیزہ اور اچھے الفاظ کا ہی سماع کرتا اور ناجائز گفتگو اور ناپاک باتیں ان کے قریب نہ آنے دیتا اور آنکھوں کے ذریعے صرف جائز اور حلال چیزوں کو ہی دیکھتا اور ناجائز وحرام چیزوں کو دیکھنے سے پرہیز کرتا اور جس ذات نے آنکھیں عطا کی ہیں اُس کے حکم پر عمل کرتے ہوئے انھیں غیر محرم عورتوں سے جھکائے رکھتا اور اپنی نظروں کو آزاد چھوڑنے کی بجائے انھیں اللہ تعالیٰ کے حکم کا پابند بناتا ۔ اسی طرح جس اللہ تعالیٰ نے اسے دل جیسا عظیم عضو عطا کیا اُس میں وہ بس اسی کی محبت کو بساتا ، اسے بس اسی کے خوف وخشیت کا مرکز بناتا اور اس کی نافرمانی کرکے اسے کالا سیاہ نہ کرتا ۔۔۔۔لیکن صد افسوس کہ ﴿ قَلِیْلاً مَّا تَشْکُرُونَ﴾’’تم بہت کم شکر ادا کرتے ہو۔‘‘ نہ کانوں ، آنکھوں اور دل کا شکر ادا کیا اور نہ باقی اعضائے جسم کا ۔ جبکہ ہمیں یہ بات معلوم ہونی چاہئے کہ جو شخص اللہ تعالیٰ کا شکر ادا نہیں کرتا وہ شیطان کے اس عہد کو پورا کرتا ہے جو اس نے اللہ تعالیٰ سے اِس طرح کیا تھا: ﴿ قَالَ فَبِمَا أَغْوَیْْتَنِیْ لأَقْعُدَنَّ لَہُمْ صِرَاطَکَ الْمُسْتَقِیْمَ. ثُمَّ لآتِیَنَّہُم مِّن بَیْْنِ أَیْدِیْہِمْ وَمِنْ خَلْفِہِمْ وَعَنْ أَیْمَانِہِمْ وَعَن شَمَآئِلِہِمْ وَلاَ تَجِدُ أَکْثَرَہُمْ شَاکِرِیْن﴾[1] ’’ اس نے کہا : چونکہ تو نے مجھے گمراہ کردیا اس لئے میں تیری سیدھی راہ پر ان کے گھات میں بیٹھا رہونگا ، پھر میں ان پر حملہ کرونگا ان کے آگے سے ، ان کے پیچھے سے ، ان کے دائیں سے اور ان کے بائیں سے اور تو ان میں اکثر لوگوں کو شکر گذار نہ پائے گا ۔ ‘‘ شکر کے ثمرات و فوائد اور ناشکری کے نقصانات اللہ تعالیٰ کی ان گنت نعمتوں کا شکر ادا کرنے کے کئی ثمرات وفوائد ہیں اور سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ شکر
[1] الأعراف7 :17-16