کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 260
ذکر کے اِس طریقۂ کار میں کئی قباحتیں ہیں۔ ایک تو یہ کہ یہ طریقہ نہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے جو اللہ تعالیٰ کا سب سے زیادہ ذکر کرنے والے تھے اور نہ ہی صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے منقول ہے اور نہ تابعین کرام رحمہ اللہ سے ۔ دوسری یہ کہ یہ اُس عاجزی وانکساری کے خلاف ہے جو ذکر اللہ میں مطلوب ہے۔ تیسری یہ کہ اس میں ریاکاری کا شبہ پیدا ہوتا ہے ۔ اور چوتھی یہ کہ صرف ’’اللّٰه اللّٰه ‘‘ یا ’’ الا اللّٰه ، الا اللّٰه ‘‘ یا ’’ ہو ہو‘‘ کے ساتھ ذکر کرنا ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب رضی اللہ عنہم سے قطعا ثابت نہیں ہے اور نہ ہی یہ اُس طرح ذو معنی ذکر ہے جس طرح ’’ لا إلہ إلا اللّٰه ‘‘ یا ’’ سبحان اللّٰه ‘‘ وغیرہ ہے ۔ آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو کثرت سے اپنا ذکر کرنے والوں میں شامل فرمائے اور اس کے برکات سے مستفید ہونے کی توفیق دے ۔