کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 241
﴿ فَاذْکُرُوْنِیْ أَذْکُرْکُمْ وَاشْکُرُوْا لِیْ وَلاَتَکْفُرُوْنِ﴾ [1] ’’ پس تم مجھے یاد رکھا کرو میں تمہیں یاد رکھوں گا اور تم میری شکر گذاری کرتے رہو ، نا شکری مت کرو۔ ‘‘ 2۔ ذکر اللہ سے دلوں کو حقیقی سکون ملتا ہے ۔ فرمان الٰہی ہے : ﴿اَلَّذِیْنَ آمَنُوْا وَتَطْمَئِنُّ قُلُوْبُہُمْ بِذِکْرِ اللّٰہِ أَلاَ بِذِکْرِ اللّٰہِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوْبُ﴾[2] ’’ جو لوگ ایمان لاتے ہیں اور ان کے دل اللہ کے ذکر سے مطمئن ہوجاتے ہیں۔ یاد رکھو ! دل اللہ کے ذکر سے ہی مطمئن ہوتے ہیں ۔ ‘‘ مالک بن دینار رحمہ اللہ کہتے ہیں : لذت حاصل کرنے والوں کو جو لذت ذکر اللہ سے ملتی ہے وہ کسی اور چیز سے نہیں ملتی ، کیونکہ اعمال میں سب سے کم محنت اور سب سے زیادہ اجر والا عمل یہی ہے ۔ اور حسن بصری رحمہ اللہ کہتے ہیں: تم حقیقی لذت اور مٹھاس تین چیزوں میں تلاش کرو:نماز، ذکر اور تلاوتِ قرآن۔اگر ان میں تمہیں لذت محسوس ہو تو ٹھیک ہے ورنہ جان لو کہ ( تمہارے دلوں کے ) دروازے بند ہیں ۔ 3۔ذکر الٰہی سے اللہ تعالیٰ کی معیت نصیب ہوتی ہے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: (( یَقُوْلُ اللّٰہُ تَعَالٰی:أَنَا عِنْدَ ظَنِّ عَبْدِیْ بِیْ،وَأَنَا مَعَہُ إِذَا ذَکَرَنِیْ،فَإِنْ ذَکَرَنِیْ فِیْ نَفْسِہٖ ذَکَرْتُہُ فِیْ نَفْسِیْ،وَإِنْ ذَکَرَنِیْ فِیْ مَلَأٍ ذَکَرْتُہُ فِیْ مَلَأٍ خَیْرٍ مِّنْہُمْ،وَإِنْ تَقَرَّبَ إِلَیَّ بِشِبْرٍ تَقَرَّبْتُ إِلَیْہِ ذِرَاعًا،وَإِنْ تَقَرَّبَ إِلَیَّ ذِرَاعًا تَقَرَّبْتُ إِلَیْہِ بَاعًا،وَإِنْ أَتَانِیْ یَمْشِیْ أَتَیْتُہُ ہَرْوَلَۃً )) [3] ’’اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ میں اپنے بندے کے گمان کے مطابق اس سے سلوک کرتا ہوں اور جب وہ میرا ذکر کرتا ہے تو میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں۔ اگر وہ مجھے اپنے دل میں یاد کرے تو میں بھی اسے اپنے دل میں یاد کرتا ہوں اور اگر وہ کسی جماعت میں مجھے یاد کرے تو میں اس سے بہتر جماعت میں اسے یاد کرتا ہوں اور اگر وہ ایک بالشت میرے نزدیک ہوتا ہے تو میں ایک ہاتھ اس کے نزدیک ہوتا ہوں اور اگر وہ ایک ہاتھ میرے نزدیک ہوتا ہے تو میں ایک کلا ( دونوں ہاتھ پھیلائے ہوئے ) اس کے قریب ہوتا ہوں اور اگروہ چلتا ہوا میرے پاس آئے تو میں دوڑ کر اس کی طرف جاتا ہوں۔ ‘‘
[1] البقرۃ2 :152 [2] الرعد13 :28 [3] صحیح البخاری،التوحید،باب قول اللّٰه {وَیُحَذِّرُکُمُ اﷲُ نَفْسَہُ}:7405،صحیح مسلم کتاب الذکر والدعاء والتوبۃ،باب الحث علی ذکر اللّٰه تعالیٰ:2675