کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 195
تھے۔ آپ نے ان کی بیوی سے ان کے متعلق پوچھا تو وہ کہنے لگیں : روزی کی تلاش میں نکلے ہیں ۔ پھر آپ نے اس سے گذر بسر کے متعلق پوچھا تو وہ کہنے لگیں : بڑی تنگی سے زندگی بسر ہورہی ہے اور سختی کی آپ سے خوب شکایت کی ۔ آپ علیہ السلام نے کہا : جب تیرا خاوند آئے تو اسے میرا سلام کہنا اور کہنا کہ اپنے گھر کی چوکھٹ بدل دے۔ چنانچہ جب اسماعیل علیہ السلام آئے تو انھوں نے محسوس کیا کہ جیسے کوئی مہمان آیا ہو ۔ بیوی سے پوچھا کہ کیا کوئی آیا تھا ؟ اس نے کہا : ہاں ۔ اِس طرح کا ایک بوڑھا آیا تھا ، تمھارے متعلق پوچھتا تھا ۔ تو میں نے اسے بتا دیا ۔ پھر پوچھا کہ تمھاری گذران کیسے ہوتی ہے ؟ تو میں نے کہا : بڑی تنگی ترشی سے دن کاٹ رہے ہیں ۔ اسماعیل علیہ السلام نے پوچھا : کچھ او ربھی کہا تھا ؟ کہنے لگی : ہاں ۔ تمھیں سلام کہا تھا اور کہا تھا کہ گھر کی چوکھٹ تبدیل کردو ۔ اسماعیل علیہ السلام کہنے لگے : وہ میرے والد تھے اور انھوں نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں تمھیں چھوڑ دوں ۔ لہٰذا اب تو اپنے گھر والوں کے پاس چلی جا۔ چنانچہ حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اسے طلاق دے دی اور ایک دوسری عورت کے ساتھ شادی کر لی ۔۔۔الخ[1]
7۔ والدین کی وفات کے بعدان کی طرف سے صدقہ کرنا
ماں باپ سے نیکی کرنے کی ایک صورت یہ ہے کہ ان کی موت کے بعد ان کی طرف سے صدقہ کیا جائے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ میرا باپ فوت ہو گیا ہے اور اس نے کچھ مال چھوڑا ہے اور وصیت نہیں کی ۔ اگر میں اس کی طرف سے صدقہ کردوں تو کیا اس کے گناہوں کو مٹا دیا جائے گا ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ہاں۔[2]
اورحضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا : اے اللہ کے رسول ! بے شک میری ماں اچانک فوت ہو گئی ہے اور اس نے کوئی وصیت نہیں کی اور میرا خیال ہے کہ اگر وہ کوئی بات کرتی تو یقینا صدقہ کرنے کا حکم دیتی ۔ لہٰذا اگر میں اس کی طرف سے صدقہ کروں تو کیا اسے اجر ملے گا ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ہاں ۔ [3]
جبکہ حضرت ابو اسید الساعدی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے تھے۔ اتنے میں بنو
[1] صحیح البخاری:3364
[2] صحیح مسلم ،الوصیۃ باب وصول ثواب الصدقات إلی المیت :1630
[3] صحیح البخاری :1388،صحیح مسلم :1004