کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 189
نیک اعمال برباد ہو جاتے ہیں! والعیاذ باللہ۔
5۔ والدین کا نافر مان ملعون ہے
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
(( مَلْعُوْنٌ مَنْ عَمِلَ عَمَلَ قَوْمِ لُوْطٍ ، مَلْعُوْنٌ مَنْ عَمِلَ عَمَلَ قَوْمِ لُوْطٍ، مَلْعُوْنٌ مَنْ عَمِلَ عَمَلَ قَوْمِ لُوْطٍ،مَلْعُوْنٌ مَنْ ذَبَحَ لِغَیْرِ اللّٰہِ،مَلْعُوْنٌ مَنْ عَقَّ وَالِدَیْہِ)) [1]
’’ وہ شخص ملعون ہے جس نے قوم لوط والا عمل کیا ، وہ شخص ملعون ہے جس نے قوم لوط والا عمل کیا ، وہ شخص ملعون ہے جس نے قوم لوط والا عمل کیا اور وہ شخص بھی ملعون ہے جس نے غیر اللہ کیلئے جانورذبح کیا اور وہ شخص بھی ملعون ہے جس نے والدین کی نافرمانی کی یا ان سے بد سلوکی کی ۔ ‘‘
والدین کے ایک نافرمان کا عبرتناک انجام
عوام بن حوشب ( ایک راوی ٔ حدیث ) کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں ایک محلے میں گیا ، وہاں ایک قبرستان بھی تھا اور جب عصر کے بعد کا وقت آیا تو اس میں ایک قبر پھٹی اور اس میں سے ایک آدمی رونما ہوا جس کا سر گدھے جیسا تھا اور باقی جسم انسانی جسم جیسا ۔پھر اس نے تین مرتبہ گدھے جیسی آواز نکالی اور اس کے بعد وہ قبر میں چلا گیا ۔پھر قبر اس پر بند ہو گئی ۔ اچانک میں نے ایک بوڑھی عورت دیکھی جو اُونی دھاگہ کات رہی تھی ۔ تو ایک عورت نے مجھے بتایا کہ یہ اُس آدمی کی ماں ہے۔ میں نے اس سے پوچھا کہ اصل ماجرا کیا ہے ؟ تو اس نے بتایا کہ اس کا بیٹادراصل شراب نوشی کرتا تھا اور اس کی ماں اسے کہتی تھی : میرے پیارے بیٹے! اللہ سے ڈر ! تو کب تک شراب پیتا رہے گا ؟ تووہ کہتا : تُو تو بس گدھے جیسی آواز ہی نکالتی رہتی ہے ! پھر وہ عصر کے بعد مر گیا اور تب سے اب تک یہ روزانہ اسی طرح قبر سے باہر آتا ہے اور تین مرتبہ گدھے کی آواز نکال کر قبر میں چلا جاتا ہے۔[2]
برادران اسلام ! یہ تھا والدین کے ایک نافرمان اور ان سے بد سلوکی کرنے والے انسان کا عبرتناک انجام۔ اللہ تعالیٰ ہمیں والدین کی اطاعت کرنے ،ان کی خدمت کرنے اور ان کے حقوق ادا کرنے کی توفیق دے ۔ آمین
[1] الطبرانی فی الأوسط:234/8،والحاکم:396/4،وصححہ الألبانی فی صحیح الترغیب والترہیب:2420
[2] رواہ الأصبہانی ۔ وقال الألبانی : حسن موقوف : صحیح الترغیب والترہیب:2517