کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 177
بعد رشتہ داروں ، یتیموں ، مسکینوں ، مسافروں اور پڑوسیوں وغیرہ کا حق ذکر کیا ۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حق کے بعد سب سے اہم حق والدین کا ہے اور حقوق العباد میں سب سے مقدم حق ماں باپ کا ہے ۔ 2۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿ قُلْ تَعَالَوْا أَتْلُ مَا حَرَّمَ رَبُّکُمْ عَلَیْْکُمْ أَلاَّ تُشْرِکُوا بِہِ شَیْئًا وَّبِالْوَالِدَیْنِ إِحْسَانًا﴾[1] ’’آپ ان سے کہئے کہ آؤ ، میں تمھیں پڑھ کر سناؤں کہ تمھارے رب نے تم پر کیا کچھ حرام کیا ہے اور وہ یہ باتیں ہیں کہ اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بناؤ اور یہ کہ والدین سے اچھا سلوک کرو ۔‘‘ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے محرمات کا ذکر فرمایا اور ان میں سے سب سے پہلے شرک کو حرام قرار دیا ۔ پھر والدین سے حسن سلوک کا حکم دے کر ان کی نافرمانی کرنے اور انھیں اذیت پہنچانے کو بھی حرام کردیا ۔ تو اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ والدین سے بد سلوکی کرنا اللہ تعالیٰ کے ہاں کتنا سنگین جرم ہے ! 3۔اسی طرح اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : ﴿ وَقَضَی رَبُّکَ أَلاَّ تَعْبُدُوْا إِلاَّ إِیَّاہُ وَبِالْوَالِدَیْنِ إِحْسَانًا إِمَّا یَبْلُغَنَّ عِندَکَ الْکِبَرَ أَحَدُہُمَا أَوْ کِلاَہُمَا فَلاَ تَقُل لَّہُمَا أُفٍّ وَّلاَ تَنْہَرْہُمَا وَقُل لَّہُمَا قَوْلاً کَرِیْمًا٭وَاخْفِضْ لَہُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَۃِ وَقُل رَّبِّ ارْحَمْہُمَا کَمَا رَبَّیَانِیْ صَغِیْرًا﴾[2] ’’ اور آپ کے رب نے فیصلہ کردیا ہے کہ تم اس کے علاوہ اورکسی کی عبادت نہ کرو اور والدین کے ساتھ بہتر سلوک کرو ۔ اگر ان میں سے کوئی ایک یا دونوں تمھارے سامنے بڑھاپے کی عمر کو پہنچ جائیں تو انھیں اف تک نہ کہو اور نہ ہی انھیں جھڑکو اور ان سے احترام کے ساتھ بات کرو اور ان پر رحم کرتے ہوئے انکساری سے ان کے سامنے جھک کر رہواور ان کے حق میں دعا کیا کرو کہ اے میرے رب ! ان پر رحم فرما جیسا کہ انھوں نے رحمت وشفقت کے ساتھ مجھے بچپن میں پالا تھا ۔ ‘‘ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان میں متعدد باتیں انتہائی توجہ کے قابل ہیں : پہلی یہ کہ یہاں بھی اللہ تعالیٰ نے اپنے حق کے فورا بعد والدین کا حق ذکر فرمایا ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ جس طرح سب کا معبود ایک ہے اسی طرح ہر شخص کا ماں باپ بھی ایک ہی ہوتا ہے اور یہ ایک بڑی مناسبت ہے والدین کو خالقِ حقیقی کے ساتھ ۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے والدین کے حقوق کو اپنے حق کے ساتھ ملا کر ذکر کیا۔[3]
[1] الأنعام6 :151 [2] الاسرا 17 :24-23 [3] أسعاد العباد ۔ نواب صدیق حسن خان: ص21